مائیکروسافٹ نے لنکڈ ان کو 26 بلین ڈالر کی خطیر رقم میں خرید لیا

انٹرنیٹ کی دنیا میں آج کل ایک بھونچال آیا ہوا ہے۔ بڑی انٹرنیٹ کمپنیاں چھوٹی کمپنیوں کو خریدنے کی دوڑ میں آگے آگے ہیں۔ سافٹوئیر بنانے والی مشہور زمانہ کمپنی مائیکروسافٹ کی جانب سے آج اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ وہ پروفیشنلز اور بزنس کے لیے قائم کی گئی سماجی روابط کی سب سے بڑی ویب سائیٹ لنکڈ ان کو خرید رہی ہے۔

microsoftbuyslinkedin

مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق لنکڈ ان کی کل مالیت 26.2 بلین امریکی ڈالر ادا کی گئی ہے اور اس کے لیے تمام رقم ڈیل مکمل ہونے پر فوری ادا کردی جائے گی۔ یعنی مائیکروسافٹ نے فی شیئر 196 امریکی ڈالر ادا کیے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ مائیکروسافٹ لنکڈ ان کو ضم نہیں کرے گی اور یہ ایک علیحدہ کمپنی کے طور پر کام کرتی رہے گی۔ لنکڈ ان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جیف وینر کو برقرار رکھا جائے گا، تاہم اب وہ تمام رپورٹنگ مائیکروسافٹ کے سربراہ ستیا نڈالا کو کریں گے۔

کافی عرصہ سے مائیکروسافٹ کی کوشش تھی کہ وہ لنکڈ ان کے مقابلے پر کوئی سروس لا سکے، تاہم اب کمپنی خریدنے کے بعد یہ امید کی جاسکتی ہے کہ مائیکروسافٹ کی دیگر سروسز کو لنکڈ ان میں شامل کر دیا جائے۔

لنکڈ ان پاکستان سمیت دنیا بھر میں پروفیشنلز اور روزگار کی تلاش میں نمبر 1 ویب سائیٹ مانی جاتی ہے۔ بڑی پاکستانی کمپنیاں آج کل تمام بھرتیاں لنکڈ ان کے ذریعے ہی کر رہی ہیں۔ اسی طرح لنکڈ ان پر آپ کو اپنے شعبے سے وابستہ دیگر افراد سے روابط قائم کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔u