اب آپ ایس ایم ایس پیغامات فیس بک میسنجر کے ذریعے بھی بھیج سکیں گے

فیس بک نے آج اینڈرائیڈ کے لیے اپنی ایپلی کیشن کا نیا ورژن جاری کیا ہے، جس میں اب ایس ایم ایس سپورٹ بھی شامل کردی گئی ہے۔ یعنی اب آپ فیس بک میسنجر کی ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے ہی اپنے دوستوں کو روایتی ایس ایم ایس پیغامات بھیج سکیں گے۔

اس سروس کو حاصل کرنے کے لیے آپ کے پاس فیس بک میسنجر ایپلی کیشن کا تازہ ترین ورژن انسٹال ہونا چاہیے۔ جس میں آپ سٹینگز میں جا کر میسنجر کو ایس ایم ایس کی ڈیفالٹ ایپلی کیشن منتخب کرسکتے ہیں۔

messengersms1

فیس بک اور عام ایس ایم ایس پیغامات کی شناخت کے لیے انکے مختلف رنگ منتخب کیے گئے ہیں، فیس بک پیغامات روایتی نیلے رنگ جبکہ عام ایس ایم ایس جامنی رنگ میں دکھائی دیں گے۔ آپ میسنجر کے ذریعے ایس ایم ایس پیغامات میں فیس بک سٹکر اور ایموجی بھی بھیج سکتے ہیں۔ اسی طرح ایس ایم ایس پیغامات کے لیے بھی “چیٹ ہیڈز” نظر آئیں گے۔

messengersms2

فیس بک نے یہ فیچر پہلی بار اپنی ایپلی کیشن میں 2012 میں بھی متعارف کروایا تھا، تاہم توجہ نہ ملنے کی وجہ سے اسے جلد ختم کر دیا گیا۔ کمپنی نے اس بات کا اعلان بھی کیا ہے کہ صارفین کے تمام میسج موبائل پر ہی سٹور ہونگے اور فیس بک انہیں اپنے سرور یا کلاؤڈ پر منتقل نہیں کرے گی۔