آئی ٹی یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے لیے 184 ایکڑ اراضی اور 2 ارب روپے کے تعمیراتی بجٹ کا اعلان

itu-lahore

انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی پنجاب کا قیام 2013 میں عمل میں آیا اور اس کا پہلا کیمپس ارفع سافٹوئیر ٹیکنالوجی پارک لاہور میں واقع ہے۔

آئی ٹی یونیورسٹی میں ہرسال سردیوں کے موسم میں داخلوں کا آغاز ہوتا ہے اور یہاں بی ایس کمپیوٹر سائنس، بی ایس الیکٹریکل انجینرئنگ اور ایم ایس کمپیوٹر سائنس کے ڈگری پروگرامز آفر کیے جاتے ہیں۔

اس وقت آئی ٹی یو کے وائس چانسلر، ڈاکٹر عمر سیف ہیں  جو دنیا کے کم عمر ترین موجدوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ عمر سیف نے یونیورسٹی آف کیمبرج سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کی ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی ذہانت اور قابلیت کا لوہا منوا چکے ہیں۔

عمر سیف نے آج اس بات کا اعلان کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے آئی ٹی یونیورسٹی کو برکی روڈ لاہور پر 184 ایکٹر اراضی مہیا کی گئی ہے اور 2 ارب سے زائد کی رقم میں اگلے سال یہاں پر یونیورسٹی کا نیا کیمپس قائم کیا جائے گا۔

پاکستانی طلباء کے لیے یہ بات بے حد خوش آئند ہے کہ وہ اب اعلی معیار کی تعلیم اپنے ملک میں حاصل کرپائیں اور کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں جدید تعلیم کم قیمت پر فراہم ہوگی۔