فیس بک انسٹنٹ آرٹیکل فیچر اب جلد ورڈپریس ویب سائیٹس کے لیے بھی دستیاب ہوگا

فیس بک استعمال کرنے والے دوست ایک نئے فیچر “Instant Articles” کے بارے میں ضرور جانتے ہونگے۔ فیس بک کا یہ فیچر فی الوقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپلی کیشنز پر مشہور ویب سائیٹس کے شائع کیے گئے مضامین فوری طور پر فیس بک ایپلی کیشن کے اندر ہی لوڈ کرتا ہے۔ کمپنی دعوی کے مطابق یہ مضامین دیگر کسی بھی براؤزر کے مقابلے میں 10 گنا تیزی سے لوڈ ہوتے ہیں۔

instant-articles-facebook

اچھی خبر یہ ہے کہ اب فیس بک یہ فیچر تمام ورڈپریس بلاگز اور ویب سائیٹس کے لیے بھی متعارف کروا رہاہے۔ اس سلسلے میں فیس بک اور ورڈ پریس کی بانی کمپنی Automattic کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے اور جلد ہی فیس بک Instant Articles کا پلگ ان مہیا کر دیا جائے گا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ورڈ پریس اس وقت دنیا کی 25 فیصد سے زائد ویب سائیٹس پر استعمال ہورہا ہے، اور انسٹنٹ آرٹیکلز کی بدولت نہ صرف مضامین جلدی لوڈ ہونگے بلکہ صارف کو فیس بک کی ایپلی کیشن چھوڑ کر براؤزر بھی نہیں کھولنا ہوگا۔

فیس بک کے مطابق یہ پلگ ان بہت 12 اپریل تک فراہم کردیا جائے گا۔ جو لوگ ورڈپریس کی ڈیفالٹ تھیمز استعمال کررہے ہیں انہیں اپنی ویب سائیٹ کے ڈیزائن میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہ ہوگی، تاہم دیگر تھیمز استعمال کرنے والے صارفین کو پہلے اپنی ویب سائیٹ پر تھوڑی بہت تبدیلی کرنا ہوگی۔