OPPO نے گھومنے والے کیمرے سے مزین N1 Mini پاکستان میں لانچ کر دیا

 

سمارٹ فونز بنانے والی عالمی شہرت یافتہ چینی موبائل کمپنی OPPO جس نے حال ہی میں پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے، اسکی جانب سے نیا سمارٹ فون N1 mini متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس فون کی سب سے خاص بات اسکا گھومنا والا کیمرہ ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ گذشتہ سال کمپنی نے N1 فون متعارف کروایا تھا جس میں پہلی بار کیمرہ کا یہ ڈیزائن استعمال کیا گیا تھا۔
oppo-n1-mini
کمپنی کی جانب سے پاکستان میں لانچ کیا جانے والے N1 mini دیکھنے میں تو N1 جیسا ہی ہے تاہم اسکا سائز قدرے چھوٹا ہے۔ یہ فون 5 انچ لمبی ایل سی ڈی کا حامل ہے جسکی ریزولیوشن 720×1280 ہعنی 720p ہے۔ گو کہ آج کل بہت سے سمارٹ فونز میں 1080p یا پھر اس سے بھی زیادہ ریزولیوشن کی سکرینز استعمال کی جارہی ہیں، تاہم 720p ریزولیوشن بھی کافی اچھی ہے۔

اس فون کی سب سے خاص بات اسکا گھومنے والا کیمرہ ہے جو 180 ڈگری کے زاویے پر گھوم کر آگے اور پیچھے دونوں طرف کے کیمروں کا کام سرانجام دیتا ہے۔ 13 میگا پکزل سنسر کے حامل اس کیمرہ کو آپ گھما کر کسی بھی طرح تصویر اتارنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

عام طور پر فون کی پشت پر تو اچھا کیمرہ نصب ہوتا ہے لیکن سامنے کی جانب والا کیمرہ کچھ خاص نہیں ہوتا، تاہم N1 mini میں اسی مشکل کا حل نکالاگیا ہے اور آپ سلیفی اور ویڈیو کالنگ کے لیے فلیش لائیٹ سے مزین 13 میگا پکزل کیمرہ کو گھما کر استعمال کرسکتے ہیں۔  کمپنی دعوی کے مطابق باربار کیمرے کو گھمانے سے اسکی پائیداری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اس فون میں کوالکام کا کواڈکور 1.6GHz پراسیسر نصب ہے، جسکے ساتھ Adreno 305 گرافکس اور 2 گیگا بائیٹ ریم بھی شامل ہے۔ فون کی میموری 16 گیگا بائیٹ ہے، تاہم اس میں میموری کارڈ استعمال کرنے کی سہولت موجود نہیں۔

color-os
N1 mini میں اینڈرائیڈ جیلی بین 4.3 آپریٹنگ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے، جس پر OPPO کا تیار کردہ Color OS چلتا ہے۔ یعنی انٹرفیس نہ صرف فون کے استعمال کو آسان بناتا ہے بلکہ یہ عام اینڈرائیڈ سسٹم کے مقابلے میں کافی تیز اور فیچرز سے بھرپور بھی ہے۔

اس فون مین 2140mAh بیٹری نصب ہے، جو کہ عام صارفین کو کم و بیش 1 دن کا بیک اب فراہم کرنے کے قابل ہوگی۔ اس فون میں تھری جی، وائی فائی بلیوٹوتھ، این ایف سی اور یوایس بی OTG جیسے فیچرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

قیمت اور دستیابی:
OPPO کا یہ نیا فون پاکستان بھر میں دستیاب ہے اور اسکی قیمت 43900 روپے مقرر کی گئی ہے۔ فی الوقت صارفین اسے سفید اور ہلکے نیلے رنگوں میں خرید سکتے ہیں۔

camera-rotate
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جلد یہ فون دیگر رنگوں اور اسیسریز کے ساتھ بھی دستیاب ہوگا، جس میں O-Click ریموٹ کنٹرول بھی شامل ہے۔ یہ ننھا منا ریموٹ کنٹرول نہ صرف فاصلہ سے تصاویر اتارنے میں مدد دیتا ہے بلکہ اگر آپ کا فون گھر میں ادھر اُدھر ہوجائے تو یہ اسے ڈھونڈ بھی سکتا ہے۔

اوپو کی جانب سے کمپنی کے فیس بک پیج پر ایک مقابلے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جہاں صارفین اپنے فوٹوگرافی اپلوڈ کرکے یہ فون جیت سکتے ہیں، تاہم شرط یہ ہے کہ آپ کی فوٹو کو سب سے زیادہ لائکس ملیں۔

ہماری پوری کوشش ہوگی کہ فون کا مکمل ریویو بہت جلد آپ کے لیے پیش کیا جائے۔ اگر آپ اس فون سے متعلق کسی بھی قسم کا سوال پوچھنا چاہتے ہیں تو تبصرہ فارم کا استعمال کیجئے۔