مائیکروسافٹ آفس کی فائلز میں صارف کی ذاتی معلومات کیسے چھپائیں؟

مائیکروسافٹ آفس سے اور اس کی افادیت سے تو آپ بخوبی واقف ہوں گے۔ یہ ورڈ، ایکسل، پاور پوائیٹ اور دیگر مفید پروگرامز کا ایک مجموعہ ہے جسے ایک گھریلو کمپیوٹر صارف کے ساتھ ساتھ ماہرین بھی استعمال کرتے ہیں۔

office

اس کی خوبیوں اور خصوصیات پر تو کتابوں کی کتابیں لکھی اور پڑھی جا چکی ہیں اور اسے بے حد موثر اور محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ مگر ٹھہریے ! سنی سنائی باتوں پر کان دھرنے کی بجائے ذرا محقیقن کی کاوشوں پر بھی نظر دوڑالیجیے۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ بظاہر بے ضرر سا پروگرام جس کے پیچھے مائیکرو سافٹ جیسی بڑی کمپنی کا اعتماد شامل ہے، آپ کی خفیہ معلومات کو آپ کی فائل کے ہمراہ غیر محفوظ ہاتھوں تک پہنچا سکتا ہے۔

آفس کی کسی فائل میں کونسی معلومات شامل ہوتی ہیں یہ جاننے کے لیے مائیکروسافٹ ورڈ کی کوئی فائل کھولیے یا نئی فائل بنا کر سیو کرلیں۔
اب ‘”فائل” مینو پر کلک کریں۔ ایک لسٹ ظاہر ہوگی، اس میں “انفو” پر کلک کریں۔
دائیں جانب سکرین میں آخر پر آپ کو معلومات کی ایک لسٹ دکھائی دے گی۔ اس میں آپ کا اور آپکے کمپیوٹر کا نام، فائل بنانے کی تاریخ، کتنے لوگوں نے مل کر اس فائل کو تشکیل دیا اوراس فائل کی تیاری میں کتنا عرصہ لگا، اس قسم کی معلومات دکھائی جائیں گی۔

info-one
تاہم گھبرانے کی ضرورت نہیں، آپ یہ معلومات باآسانی مٹا بھی سکتے ہیں، جس کا طریقہ بہت آسان ہے۔ انفو کے سیکشن میں ہی دائیں جانب ظاہر ہونے والی سکرین میں ‘”انسپیکٹ ایلیمنٹ” پر کلک کریں، ایک مینو نمودار ہوگا۔ آپ نے اس میں “انسپیکٹ ڈاکومنٹ” کو سلیکٹ کرنا ہے۔ایک ڈائیلاگ باکس اوپن ہوگا۔ “انسپیکٹ” کے بٹن پر کلک کریں۔

inspectاگر کوئی معلومات محفوظ ہوگی تو اس کے متعلقہ سیکشن میں “ریموو آل” کا بٹن نمودار ہوگا۔ معلومات کا ریکارڈ ختم کرنے کے لیے اس بٹن پر کلک کر دیجیے۔ اور اس کے بعد آخر میں اس ڈائیلاگ کو کلوزکر دیں۔
اب دوبارہ “انفو” کے آپشن سے چیک کرلیجیے آیا کہ سب معلومات اور اعداد و شمار مٹ چکے ہیں یا کہ نہیں؟ لیجیے آپ کی ذاتی معلومات ختم ہوگئی ہیں اور اب یہ فائل آپ بلا خوف و خطر کسی کو بھیج سکتے ہیں۔

data
دراصل یہ معلومات اور اعداد و شمار بظاہر تو بے ضرر معلوم ہوتے ہیں مگر بعض اوقات آپ نہیں چاہتے کہ کوئی دوسرا شخص آپ کی فائل بنانے کے عمل سے باخبر ہو۔ اگر آپ کو یہ ٹیوٹوریل فالو کرنے میں کسی قسم کی دشواری پیش آرہی ہے تو آپ تبصرہ کرکے پوچھ سکتے ہیں۔