ٹوئٹر کے نئے فیچر کے ذریعے ناپسندیدہ افراد کو Mute کیجئے

ٹوئٹر نے حال ہی میں صارفین کے پرزور اصرار پر موبائل اور ویب سائیٹ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے۔ Mute نامی اس نئے فیچر کے تحت آپ کسی بھی ٹوئٹر صارف کی ٹوئٹس اور ری ٹوئٹس کو اپنی ٹائم لائن پر آنے سے روک سکتے ہیں۔

ٹوئٹر پر آپ جب بھی کسی صارف کو فالو کرتے ہیں تو اسکی تمام ٹوئٹس اور ری ٹوئٹس آپ کے پاس دکھائی دیتی ہیں۔ آپ موبائل یا ویب سائیٹ پر ان ٹوئٹس کی نوٹیفیکیشن کو تو روک سکتے ہیں مگر یہ ٹوئٹس آپ کی ٹائم لائن پر پھر بھی دکھائی دیتی رہیں گی۔

twitter-mute
تو جناب اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اگر آپ کو کسی ٹوئٹر صارف کی ٹوئٹس پسند نہیں یا آپ نے انہیں صرف مجبوری کے تحت فالو کررکھا ہے تو آپ انہیں Mute کر دیں اور مزے کی بات یہ ہے کہ اس صارف کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ نے اسے Mute کیا ہے۔

ٹوئٹر کا یہ نیا فیچر اگلے چند ہفتوں تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ اینڈرائیڈ یا آئی او ایس صارفین کسی کو Mute کرنے کے لیے اسکے نام پر کلک کریں اور دائیں جانب تین نقطوں سے Mute @username کی آپشن کا انتخاب کریں۔ ویب سائیٹ کے ذریعے کسی صارف کو Mute کرنے کے لیے اسکی پروفائل پر سیٹنگز گیئر کے نشان پر کلک کیجئے۔