ونڈوز 8.1 کا دوسرا اپڈیٹ اگست میں آئے گا، سٹارٹ مینو کا اضافہ اور دیگر نئے فیچرز

مائیکروسافٹ نے حال ہی میں ونڈوز کے سب سے نئے ورژن، ونڈوز 8.1 کا اپڈیٹ جاری کیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ جہاں بہت سے نئے فیچر لایا ہے وہیں اس نے ونڈوز  آپریٹنگ سسٹم کی بہت سی خامیوں کو بھی دور کیا ہے۔ اس اپڈیٹ میں سٹارٹ کا بٹن تو شامل کر دیا گیا ہے  تاہم ابھی تک کمپنی نے ونڈوز کا مشہور ’سٹارٹ مینو‘ اس میں شامل نہیں کیا۔

ونڈوز 95 کا سٹارٹ مینو
ونڈوز 95 کا سٹارٹ مینو

اطلاعات کے مطابق مائیکروسافٹ ونڈوز  8.1 کے دوسرے اپڈیٹ پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جو اگست کے مہینے میں دستیاب ہوگا۔ اس اپڈیٹ میں خاص بات یہ ہے کہ اب ونڈوز کا سٹارٹ مینو جو ونڈوز 95 سے ونڈوز 7 تک تمام آپریٹنگ سسٹمز کا حصہ رہا ہے اسے اب دوبارہ شامل کیا جارہاہے۔ اسکے علاوہ ونڈوز 8 کی تمام میٹرو ایپلی کیشنز اب آپ روایتی ڈیسکٹاپ پر بھی استعمال کر سکیں گے ۔ یعنی اب وہ فل سکرین نہیں بلکہ ایک ونڈو کے اندر کام کریں گی اور آپ انہیں Minimize اور Close بھی کر سکتے ہیں۔

winstartmenu
مائیکروسافٹ یہ فیچرز دوبارہ اپنی خوشی سے نہیں بلکہ صارفین کے زبردست دباؤ کے تحت ونڈوز میں شامل کر رہی ہے۔ ونڈوز 8 اور 8.1 پر سب سے زیادہ تنقید اسی وجہ سے ہوتی رہی ہے کہ یہ ٹچ سکرینز کے لیے تو اچھی ہے تاہم روایتی کمپیوٹر صارفین جو ماؤس استعمال کرتے ہیں انکے لیے میٹرو انٹرفیس کافی مشکل ہے۔

آپ کے خیال میں ونڈوز 8.1 میں سٹارٹ مینو شامل کرنے سے کیا یہ اب تک کی سب سے بہترین ونڈوز بن جائے گی؟ یا پھر آپ ونڈوز 7 کو ہی بہتر سمجھتے ہیں؟