سام سنگ کی نئی سمارٹ واچ میں کال کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی

سمارٹ واچز کے بارے میں تو آپ سبھی دوست جانتے ہونگے، تمام بڑی الیکٹرانکس کمپنیاں اب سمارٹ فونز کے بعد سمارٹ واچز بھی تیار کررہی ہیں۔ اب تو گوگل نے سمارٹ واچز کے لیے الگ سے اینڈرائیڈ ورژن بھی متعارف کروا دیا ہے۔ لیکن پھر بھی ابھی ان گھڑیوں میں کچھ کمی ہے۔

جی ہاں چاہے یہ گھڑیاں جتنی بھی سمارٹ ہوجائیں، انہیں موبائل فون سے منسلک کرنے کی ضرورت رہتی ہے اور آپ ان کو بطور فون کال کرنے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔
xl_samsung-galaxy-gear-phone
کوریا ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ جلد “گیئر سولو” کے نام سے ایک سمارٹ واچ متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں فون کے تمام فیچرز بھی شامل ہونگے۔ یعنی آپ اس میں سم کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے کالز اور ایس ایم ایس کر سکتے ہیں اور اسکے ساتھ فون کو منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔

یہاں یہ بات انتہائی دلچسپ ہے کہ سام سنگ 2009 میں ایک “واچ فون” پیش کیا تھا جو گھڑی اور فون دونوں خصوصیات سے مزین تھا۔ اس میں 1.76 انچ لمبی ٹچ سکرین کا استعمال کیا گیا۔ اسکی میموری 40 میگا بائیٹ تھی اور یہ گھڑی صوتی احکامات وصول کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی تھی۔ تاہم اسے سمارٹ واچز جیسی مقبولیت نہ مل سکی۔
20090721_01M
اب ایک بار پھر سام سنگ نے واچ فون کی تیاری کا عندیہ دیا ہے، تاہم اب متعارف کروائے جانے والی گیئر سولو سمارٹ واچ ایک مکمل آپریٹنگ سسٹم، جیسے اینڈرائیڈ یا Tizen سے مزین ہوگی۔

خیال کیا جارہا ہے کہ یہ گھڑی ابتدائی طور پر صرف جنوبی کوریا میں ہی فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور روایتی سمارٹ واچز کے مقابلے میں اسکی قیمت بھی کافی زیادہ ہوگی۔