تھری اور فور جی لائسنس کی نیلامی 23 اپریل کو ہوگی، 1.3 کھرب روپے آمدن کی توقع

پی ٹی اے کے چیرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے مطابق تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی کا انعقاد اس ماہ کی 23 تاریخ کو کیا جائے گی۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام عمل کو شفاف بنانے کے لیے نہ صرف عالمی مبصرین کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں بلکہ ذراع کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی عالمی معیار کے مطابق “الیکٹرانک نیلامی” کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو کوڈ الاٹ کیے جائیں گے اور بولی لگانے والی دو کمپنیاں ایک دوسرے کی شناخت نہ کر سکیں گی۔

3g
نیلامی کے پہلے مرحلے میں 14 اپریل تک تمام کمپنیوں کو پرپوزل پی ٹی اے تک پہنچانا ہونگے جنکی جانچ پڑتال کے بعد 10 دن کے اندر اس نیلامی کی ریہرسل کی جائے گی اور 23 اپریل کو اصل نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا۔ نیلامی کے ہر مرحلہ کے بعد تمام معلومات پی ٹی اے کی ویب سائیٹ پر اپلوڈ کردی جائیں گی۔ تاکہ اس عمل کو مزید شفاف بنایا جاسکے۔

ایک خبر کے مطابق اب حکومت پاکستان چار تھری جی لائسنس اور دو فور جی لائسنس فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جو کمپنی فور جی لائسنس خریدنا چاہے گی اسکے لیے لازم ہوگا کہ وہ تھری جی لائسنس بھی خریدے۔ ڈاکٹر اسماعیل کے مطابق اس نیلامی سے پاکستان کو کم و بیش 1.3 کھرب روپے کی آمدن ہوگی۔

پی ٹی اے کی اجازت سے نیلامی سے قبل ٹیلی کام کمپنیاں تھری جی نیٹورک کی ٹیسٹنگ میں مصروف ہیں اور موبی لنک اور ٹیلی نار کے اکثر صارفین کو دن میں چند گھنٹے تھری جی نیٹورک فراہم کیا جارہا ہے۔