سام سنگ گلیکسی ایس 5، پرانا ڈیزائن لیکن فیچر نئے

سام سنگ نے اپنی مشہور زمانہ گلیکسی ایس سیریز کا نیا فون Galaxy S5 آج موبائل ورلڈ کانگرس میں متعارف کروایا۔ تاہم افواہوں اور انٹرنیٹ پر لیک ہونے والی تصاویر کے برعکس اس فون کے ڈیزائن میں کوئی خاص تبدیلی نہ کی گئی۔ گو کہ یہ فون کافی پائیدار اور پہلے سے بہتر میٹریلز سے تیار کیا گیا ہےلیکن ڈیزائن نہ بدلنے پر ہمیں کافی مایوسی ہوئی ہے۔
SM-G900F_charcoal BLACK_02سام سنگ اور اسکے مداح جو ہمیشہ ایپل پر یہ تنقید کرتے تھے کہ انکا ہر نیا آئی فون پہلے جیسا ہی ہوتا ہے اب وہ خود بغلیں جھانک رہے ہیں۔ تاہم اس فون میں بہت سے نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو یقیناً سام سنگ موبائل فونز کے شوقین افراد کا دل موہ لیں گے۔

فون کی سکرین گلیکسی ایس 4 کے مقابلے میں تھوڑی سی بڑی یعنی 5.1 انچ لمبی اور اسکی ریزولیوشن فل ایچ ڈی ہے۔ فون میں سنیپ ڈریگن 801 کواڈ کور 2.5GHz پراسیسر نصب ہے اور اسکی ریم 2 گیگا بائیٹ ہے۔ فون کی میموری 16 اور 32 گیگا بائیٹ ہے اور اس میں 64 گیگا بائیٹ تک کا میموری کارڈ بھی لگایا جاسکتا ہے۔

گلیکسی ایس 5 میں اب کی بار 16 میگا پکزل کیمرہ نصب کیا گیا ہے جو الٹرا ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز 2160p بنانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ اسکے علاوہ ویڈیو کالنگ کے لیے اس میں 2 میگا پکزل کیمرہ موجود ہے جو ہائی ڈیفینیشن ویڈیو بھی بناتا ہے۔
galaxy-s5-press-images
پچھلے گلیکسی ایس فونز کے مقابلے میں گلیکسی ایس 5 کے نئے فیچرز میں سب سے اہم فنگر پرنٹ سکینر ہے۔ ایپل آئی فون 5 ایس ہی کی طرح یہ سکینر بھی ہوم بٹن میں نصب ہے۔ اس میں ایک وقت میں تین مختلف انگلیوں کے نشان محفوظ کیے جاسکتے ہیں۔

فون کی پشت پر کیمرہ کے بالکل نیچے دل کی دھڑکن کی رفتار معلوم کرنے کے لیے ایک سنسر نصب کیا گیا ہے۔ آپ اگر اس پر 8 سیکنڈ تک اپنی انگلی رکھے رکھیں تو یہ آپ کو S-Health ایپلی کیشن کے ذریعے تمام معلومات فراہم کر دے گا۔

سام سنگ کا یہ نیا فون IP67 سرٹیفائیڈ ہے، جسکا مطلب یہ ہے کہ اس گرد و غبار اور پانی سے کوئی نقصان نہیں پہنچتا، اور تو اور آپ اسے تیس منٹ تک 3 فٹ پانی میں ڈبو کر بھی رکھیں تو اسے کچھ نہ ہوگا۔

اس فون میں اینڈرائیڈ کا تازہ ترین ورژن کٹ کیٹ 4.4.2 انسٹال ہے اور اس پر سام سنگ ٹچ ویز انٹرفیس کا نیا ورژن چل رہا ہے۔ یہ فون اپریل کے مہینے میں پوری دنیا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم قیمت کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس سیریز کو ہمیشہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ گلیکسی نوٹ سیریز کے موبائل زیادہ مقبولیت حاصل کرتے ہیں اور انکے فیچرز بھی کمال ہوتے ہیں۔ کیا سام سنگ کا یہ نیا فون جلد آنے والے آئی فون 6 سے مقابلہ کر پائے گا؟ آپکی رائے کیا ہے کیونکہ میرے خیال میں تو یہ فون فلاپ ہوجائے گا۔

گلیکسی ایس 5 کے تمام فیچرز کے بارے میں مزید تفصیل اس انفوگرافک میں دیکھیں:

gsmarena_002