نوکیا کا پہلا اینڈرائیڈ سمارٹ فون اس ماہ کے آخر تک متعارف کروائے جانے کا امکان

امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق نوکیا کی جانب سے پہلا اینڈرائیڈ سمارٹ فون اسی ماہ کے اختتام تک متعارف کروائے جانے کی امید ہے۔ رپورٹ میں اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ نوکیا ایکس نامی یہ سمارٹ فون فروری کے اختتام پر بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگرس میں متعارف کروایا جائے گا۔
nokia normandy x
گو کہ یہ سمارٹ فون اینڈرائیڈ سے مزین ہوگا تاہم اس میں گوگل پلے سٹور کو شامل نہیں کیا گیا، اسکی بجائے نوکیا اپنا ایپلی کیشن سٹور متعارف کروائے گی۔ مختلف اطلاعات کے مطابق اس فون کا انٹرفیس باقی تمام اینڈرائیڈ فونز سے کافی ہٹ کر ہوگا۔ یعنی اس میں ونڈوز فون ہی کی طرح آئیکونز کی بجائے لائیو ٹائلز کا استعمال کیا گیا ہے۔

افواہوں کے مطابق اس فون کی سکرین 4 انچ لمبی ہے اور اس میں سنیپ ڈریگن ڈول کور پراسیسر نصب ہے۔ فون کی ریم محض 512 میگا بائیٹ ہے اور اسکی سٹوریج 4 گیگا بائیٹ ہے۔

اس فون میں 5 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے تاہم سامنے کی جانب کوئی کیمرہ نہیں اور نہ ہی اس میں فلیش لائیٹ ہوگی۔ مارکیٹ میں موجود دیگر فونز ہی کی طرح یہ سمارٹ فون ایک وقت میں دو سمیں چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وال سٹریٹ کے مطابق اس فون کی قیمت آشا سیریز کے فونز کے برابر ہی رکھی جائے گی اور اسے ایشیائی ممالک میں فروخت کیا جائے گا۔ انڈسٹری ماہرین کے مطابق اگر نوکیا کا یہ فون صارفین کی توجہ حاصل کر لے تو یقیناً کمپنی مستقبل میں مزید اینڈرائیڈ فونز بھی متعارف کروا سکتی ہے۔ آپ کے خیال میں اگر یہ فون پاکستان میں لانچ کیا جاتا ہے تو کیا صارفین نوکیا کے شہرت کی وجہ سے اسے خریدیں گے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔