یوفون حساب ایس ایم ایس روزانہ استعمال شدہ بیلنس کی مکمل معلومات فراہم کرے گا

گو کہ یوفون کی جانب سے گذشتہ چند ماہ سے روزانہ استعمال شدہ بیلنس کی معلومات اگلے دن بذریعہ ایس ایم ایس تمام پری پیڈ صارفین کو مفت ارسال کی جارہی تھیں مگر اب یوفون نے اس سروس کو باقاعدہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔ ’حساب ایس ایم ایس‘ نامی اس سہولت کے ذریعے کسی بھی دن کی گئی تمام کالز، ایس ایم ایس اور دیگر سروسز کے چارجز کی تفصیل اگلے دن صارفین کو بالکل مفت بذریعہ ایس ایم ایس ارسال کی جاتی ہے۔

HisaabSMS-inner
یوفون نے اس سروس کے لیے خصوصی اشتہارات بھی تیار کیے ہیں جن میں ٹیلی نار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشہ ماہ ٹیلی نار نے سچی یاری مہم کے تحت دیگر تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو چور قرار دیا تھا جو چپکے سے صارفین کا بیلنس چوری کرتی ہیں۔ اسکے جواب میں یوفون نے اپنی دیانت داری ثابت کرنے کے لیے حساب ایس ایم ایس کی تشہیر شروع کی ہے۔ اس آفر کے ٹیلی ویژن اشتہار میں ٹیلی نار سچی یاری کا مذاق بھی اُڑایا گیا ہے۔

موبائل کمپنیوں کی نوک جھوک ایک طرف لیکن ان میں سے کوئی بھی صارفین کی خیر خواہ نہیں، گو کہ یوفون نے حساب ایس ایم ایس سروس تو شروع کی ہے لیکن تمام ٹیلی کام کمپنیاں بشمول یوفون مختلف حیلے بہانوں سے صارفین کا بیلنس چوری کرتی ہیں۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ ماضی میں یوفون کی جانب سے صارفین کو مطلع کیے بغیر ’انفو سروسز‘ ایکٹیویٹ کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے جس میں صارفین سے روزانہ کم و بیش ڈیڑھ روپے اینٹھ لیے جاتے تھے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی بدیانتی اس بات سے بھی عیاں ہے کہ چند سال قبل بیلنس چیک کرنے پر بھی چارجز لاگو کر دیے گئے جسکی وجہ سے اکثر پری پیڈ صارفین اپنا بیلنس باقاعدگی سے چیک نہیں کرتے اور انہیں معلوم ہی نہیں ہوپاتا کہ کب انکے پیسے چوری کرلیے گئے۔

* یوفون حساب ایس ایم ایس سروس تمام پری پیڈ صارفین کے لیے ایکٹیویٹ کردی گئی ہے، سروس بند کروانے کے لیے ہیلپ لائن 333 پر رابطہ کیجئے۔