بلیک بیری میسنجر اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب، پہلے 8 گھنٹے میں 5 ملین ایکٹیویشنز

گذشتہ ماہ بلیک بیری کی جانب سے مشہور زمانہ بلیک بیری میسنجر کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے متعارف کروایا گیا تھا، تاہم ایپلی کیشن میں چند خامیوں کے باعث اسے فوری طور پر روک لیا گیا۔ اب گذشتہ روز اس مشہور میسجنگ ایپلیکیشن کو صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

BlackBerry-Messenger-image
بلیک بیری میسنجر، پیغام رسانی کی دیگر ایپلی کیشنز کی طرح صارفین کو وائی فائی یا موبائل انٹرنیٹ کے ذریعے پیغامات بھیجنے اور ویڈیو / آڈیو کال کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس سروس کے ذریعے آپ اپنے دوستوں کے ساتھ تصاویر اور گانے بھی شیئر کرسکتے ہیں اور کوئی بھی پیغام کب بھیجا یا پڑھا جاتا ہے اسکی تفصیلات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔

اس سے قبل یہ سروس صرف بلیک بیری صارفین کو ہی میسر تھی، تاہم اب اینڈرائیڈ اور ایپل صارفین ایپلیکیشن ڈاؤنلوڈ تو کر لیں گے لیکن اسکی ایکٹویشن کے لیے آپ کو قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کرنا ہوگا۔ جی جناب یہ بلیک بیری میسنجر ہے، اتنی آسانی سے آپ کو اکاؤنٹ تھوڑی بنانے دیا جائے گا۔

bbm-android-ios
بلیک بیری کے مطابق ایپلی کیشن جاری کرنے کے 8 گھنٹے کے اندر ہی کم و بیش 5 ملین افراد کا اکاؤنٹ ایکٹیویٹ کر دیا گیا ہے اور مزید لاکھوں افراد اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔

تو جناب اگر آپ نے یہ ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کر لی ہے تو پھر اسے کھولیں اور اپنا ای میل پتہ درج کرنے کے بعد قطار میں لگ جائیں۔