گوگل کی نئی نیکسس 7 ٹیبلیٹ کی تصاویر اور ہارڈوئیر معلومات انٹرنیٹ پر لیک

گذشتہ چند ماہ سے انٹرنیٹ پر گوگل کی نئی نیکسس 7 ٹیبلیٹ کے حوالے سے بہت سی خبریں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ دو روز قبل ہی انٹرنیٹ پر پہلی بار اس نئی ٹیبلیٹ کی تصاویر لیک کی گئیں۔ جن کے مطابق نئی ٹیبلیٹ کا ڈیزائن کافی حد تک پرانی ٹیبلیٹ سے مماثلت رکھتا ہے تاہم اسکا میٹریل کچھ مختلف ہے۔

آج انٹرنیٹ پر شائع ہونے والی معلومات کے مطابق نئی ٹیلیٹ 7 انچ سکرین کی حامل ہوگی جسکی ریزولیوشن فل ایچ ڈی یعنی 1080p ہوگی۔ اس میں 1.5GHz کواڈ کور پراسیسر اور 2GB ریم نصب کی گئی ہے۔ ٹیبلیٹ دو کیمروں سے مزین ہے، پشت کی جانب نصب کیمرہ 5 میگا پکزل جبکہ سامنے کی جانب 1.2 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے۔ ٹیبلیٹ میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
nexus7-new
گوگل کی یہ نئی نیکسس ٹیبلیٹ اینڈرائیڈ کے جلد متعارف کروائے جانے والے ورژن 4.3 سے مزین ہوگی۔ اینڈرائیڈ کا یہ نیا ورژن دیگر نیکسس مصنوعات کے لیے بھی 24 جولائی کو ہی متعارف کروایا جائے گا۔

اس ٹیبلیٹ کے 16GB ورژن کی قیمت 229 امریکی ڈالر اور 32GB ورژن کی قیمت 269 ڈالر کے لگ بھگ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جو گذشتہ سال پیش کی جانے والی نیکسس 7 کی قیمت 199 ڈالر سے تو زیادہ ہیں تاہم یہ نئی ٹیبلیٹ پہلے سے زیادہ فیچرز کی حامل ہے۔

nexus-7-new-back

ضرورت اس امر کی ہے کہ گوگل اس ٹیبلیٹ کو پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کرے جہاں صارفین کی قوت خرید انتہائی کم ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چند ماہ پہلے گوگل نے پہلی نیکسس 7 کا 32GB ماڈل بھارت میں کم و بیش 19 ہزار روپے (انڈین کرنسی) میں فروخت کے لیے پیش کیا تھا جو دیگر ممالک کی نسبت کافی مہنگا ہے۔

اس حوالے سے آپ کی کیا رائے ہے، تبصرہ ضرور کیجئے گا۔