ہواوے ایسنڈ وائے 300 : ایک مختصر جائزہ

ہواوے کی جانب سے اس سال CES الیکٹرانکس میلے میں بہت سے نئے سمارٹ فونز متعارف کروائے گئے۔ جہاں کمپنی نے پہلی بار ونڈوز فون 8 سے مزین ہواوے ایسنڈ W1 متعارف کروایا وہیں دنیا کا سب سے بڑے سمارٹ فون ایسنڈ میٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔

main

آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ ہواوے کی جانب سے ان میں سے اکثر فون پاکستانی مارکیٹ میں بھی متعارف کروائے جائیں گے۔ چند روز قبل ہواوے نے پاکستانی صارفین کے لیے ایک کم قیمت لیکن جدید فیچرز سے بھر پور سمارٹ فون ہواوے ایسنڈ Y 300 لانچ کیا ہے اور آج ہم آپ کےلیے اس کا مختصر ری ویو پیش کررہے ہیں۔

ہارڈ وئیر کی تفصیلات:

  • 4 انچ لمبی ٹی ایف ٹی ٹچ سکرین
  • کوال کام سنیپ ڈریگن 1 GHz ڈؤل کور پراسیسر
  • 512 MB ریم اور اڈرینو 203 گرافکس
  • 5 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ اور سامنے کی جانب 0.3 میگا پکزل ویڈیو کالنگ کیمرہ
  • 4 GB میموری اور 32 GB تک میموری کارڈ کی سہولت

فون کی ساخت اور ڈیزائن:
ہواوے کی جانب سے اس سال متعارف کروائے جانے والے تمام سمارٹ فونز کا ڈیزائن بہت ہی سادہ سا ہے۔ وائے 300 بھی کچھ زیادہ مختلف نہیں، اسکے کنارے کچھ گول ہیں اور باڈی میں زیادہ تر ربڑ جیسے پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے جسکی بدولت فون پر گرفت مضبوط رہتی ہے اور اس پر سکریچ وغیرہ پڑنے کی بھی کوئی ٹینشن نہیں۔

top-notification

فون کی موٹائی 11.2 ملی میٹر ہے اور اسکا وزن کم و بیش 130 گرام ہے۔ فون میں 4 انچ لمبی ٹی ایف ٹی ٹچ سکرین نصب ہے جسکی ریزولیوشن 800×480 پکزل ہے۔ سکرین کی ٹچ کوالٹی بہت اچھی ہے اور رنگوں کا تناسب بھی بہترین ہے۔ تاہم اس پر انگلیوں کے نشان بہت جلد پڑ جاتے ہیں۔ مہنگے موبائل فونز کی طرح اس میں گوریلا گلاس سکرین دستیاب نہیں لہذا اس پر جلد سکریچ پڑ سکتے ہیں بہتر یہی ہے کہ آپ اس پر کسی قسم کا ’پروٹیکٹر‘ لگوا لیں۔

keys-white

سکرین کے اوپر بیٹری ایل ای ڈی، ایئر سپیکر، لائیٹ سنسر اور 0.3 میگا پکزل ویڈیو کالنگ کیمرہ موجود ہے جبکہ سکرین کے نیچے تین ٹچ کیز ؛ بیک، ہوم اور مینیو موجود ہیں۔ اوپر کی جانب پاور یا لاک کا بٹن نصب ہے جسکے ساتھ درمیان میں ہیڈفون جیک موجود ہے۔ فون کے دائیں جانب آواز کم یا زیادہ کرنے کے لیے بٹن موجود ہیں جبکہ بائیں جانب مائیکرویوایس بی کی پورٹ ہے۔

usb

فون کی پشت پر 5 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ اور ایل ای ڈی فلیش لائیٹ نصب ہیں۔ اگر فون کے ربڑ جیسے کور کو ہٹایا جائے تو اسکے نیچے سم، میموری کارڈ اور بیٹری سلاٹس موجود ہیں۔

ineer

فون کی کوالٹی بہت بہترین ہے اور اس میں اچھے میٹریل کا استعمال اسے مضبوطی اور پائیداری فراہم کرتاہے۔ میں فون کے ڈیزائن اور اسکی ساخت سے بے حد مطمئین ہوں۔

topwhite

آپریٹنگ سسٹم اور یوزر انٹرفیس

ایسنڈ وائے 300 میں گوگل اینڈرائیڈ جیلی بین 4.1 کا استعمال کیا گیا ہے اور ہواوے کے دیگر فونز کی طرح اسے بھی Emotion UI سے مزین کیا گیا ہے۔ اس انٹرفیس کی بدولت اینڈرائیڈ پر نئے منتقل ہونے والے صارفین کے لیے بہت آسانی ہوجاتی ہے تاہم پرانے اینڈرائیڈ صارفین اسے زیادہ پسند نہیں کرتے۔

Emotion UI میں تمام ایپلی کیشنز آپکی ہوم سکرین پر نظر آتی ہے۔ آپ انہیں مختلف فولڈرز میں بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔ اسی طرح ہواوے کی جانب سے اس انٹرفیس کے لیے مختلف وڈجٹس متعارف کروائے گئے ہیں جو آپ کو موسم، تصاویر اور میوزک تک فوری رسائی فراہم کرتے ہیں۔

soft2

آپ اس انٹرفیس کے لیے مختلف قسم کی تھیمز بھی ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ہواوے کی جانب سے نوٹیفیکیشن بار میں ’ٹوگل بٹن‘ شامل کیے گئے ہیں جو وائی فائی، بلیو ٹوتھ اور دیگر سیٹنگز تک آسان اور فوری رسائی مہیا کرتے ہیں۔

logo-white

آپ جانتے ہیں کہ گوگل کی جانب سے ہر سال اینڈرائیڈ کا ایک نیا ورژن پیش کیا جاتا ہے اور اس وقت سب سے نیا ورژن 4.2 ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں نیا ورژن ’کی لائم پائی‘ بھی جاری کر دیا جائے گا۔ تاہم ہواوے کے نمائندہ کے مطابق اس فون کو شاید ہی نئے ورژن کا اپگریڈ فراہم کیا جائے۔ کیونکہ موجودہ جیلی بین ورژن پر کافی محنت کی گئی۔ مگر فکر مت کیجئے کیونکہ جلد ہی کوئی ڈیویلپر اپنے طور پر اس فون کے لیے کوئی نہ کوئی روم متعارف کروا دے گا۔

پرفارمنس:
فون میں یوں تو ڈؤل کور 1GHz پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے مگر آج کے دور میں ایک جیلی بین سمارٹ فون کے لیے 512MB یقیناً ناکافی ہے۔ گو کہ ہواوے نے بھر پور کوشش کی ہے کہ صارفین کو بہتر پرفارمنس فراہم کی جائے تاہم پھر بھی یہ فون مہنگے سمارٹ فونز کا مقابلہ کرنے کی سکت تو نہیں رکھتا۔ آپ اس پر گیمز اور خاص کر تھری ڈی گیمز بہت اچھے انداز میں کھیل سکتے ہیں۔ میں نے اپنے طور پر ٹیمپل رن 2 ، مانوگانو، بیٹل مونکیز اور اس طرح کی دیگر گیمز اس فون پر چلائی ہیں اور وہ تمام بالکل صحیح کام کرتی ہیں اور آپ کو سست رفتار کی شکایت نہیں ہوتی۔ تاہم میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ گیمز کھیلتے ہوئے بیک گراؤنڈ میں چلنے والی باقی ایپلی کیشنز بند کر دیں۔

apps

جیلی بین آپریٹنگ سسٹم کی بدولت فون چلانے میں کسی قسم کا Lag محسوس نہیں ہوتا، اسی طرح اس کے سٹاک براؤزر کی رفتار بھی بہت تیز ہے۔ گوگل پلے سٹور سے آپ کم و بیش دنیا جہاں کی تمام ایپلی کیشنز ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔

فون 720p ویڈیوز تو چلانے کی اہلیت رکھتا ہے تاہم اس پر فل ایچ ڈی 1080p ویڈیوز صحیح کام نہیں کرتیں۔ اسی طرح مشہور کالنگ ایپلی کیشن وائبر پر بھی آواز کا کچھ مسئلہ رہتاہے۔ ہواوے کے نمائیندہ کے مطابق ان مسائل پر قابو پانے کے لیے جلد ایک اپڈیٹ جاری کیا جائے گا۔ فون کی پرفارمنس کے حوالے سے یہ بنچ مارک رزلٹ ملاحظہ کیجئے:

soft1
کیمرہ اور ویڈیو:
وائے 300 میں 5 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ نصب ہے۔ جس کی پرفارمنس اگر عمدہ نہ سہی تو بری بھی نہیں ہے۔ دن کی روشنی میں تصاویر کافی اچھی اور شوخ رنگوں میں آتی ہیں۔ تاہم یہ کیمرہ تصاویر اتارنے کے معاملے میں تھوڑا سست ہے۔ فون میں کیمرہ کے لیے کوئی بٹن موجود نہیں لہذا آپ کو ٹچ بٹن کے سہارے تصاویر اتارنا ہوتی ہیں جس کے لیے آپ کو کافی محتاط رہنا ہوگا ورنہ تصویر ہل جائے گی یا دھندلی آئے گی۔

کیمرہ ایپلی کیشن میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی اور اینڈرائیڈ کی ڈیفالٹ سیٹنگز ہی موجود ہیں۔ یہاں یہ بات یاد رکھیں کہ آپ کیمرہ کی آواز کو بند نہیں کرسکتے لہذا جب بھی آپ تصویر اتاریں یا ویڈیو بنائیں گے تو شٹر کی آواز ضرور آئے گی۔

backcamera

ویڈیو کالنگ کے لیے یہ کیمرہ صرف VGA ریزولیوشن فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک بڑی خامی ہے کیونکہ آج کل تمام اچھے فونز میں کم از کم 720p ویڈیو ریکارڈنگ کی سہولت ضرور فراہم کی جاتی ہے۔ آپ ویڈیوز بناتے ہوئے ایل ای ڈی لائیٹ کو مستقل طور پر بھی آن کر سکتے ہیں اور اسے ٹارچ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس فون سے اتاری گئی چند تصاویر ملاحظہ فرمائیں:

بیٹری:
اس فون میں 1730mAh بیٹری استعمال کی گئی ہے جو عام استعمال پر آپ کو دو دن کا ٹائم فراہم کرسکتی ہے۔ تاہم اگر آپ وائی فائی اور گیمز کھیلیں تو اسکی بیٹری بمشکل ایک دن ہی چلے۔ تاہم اس فون کا سٹینڈ بائی ٹائم بہت اچھا ہے اور آپ اسے کئی دن بغیر چارج کیے رکھ سکتے ہیں۔ فون میں بیٹری محفوظ کرنے کے لیے ایک ایپلی کیشن موجود ہے جو آپ کے فون کی سیٹنگز میں تبدیلی کر کے بیٹری کی لائف کو مزید بڑھا دیتی ہے۔

batterywhite

قیمت اور دستیابی:
یہ فون پاکستان بھر میں ایئر لنک کی ایک سالہ وارنٹی کے ساتھ کم و بیش 14000 روپے میں دستیاب ہے۔ فون کی قیمت پہلے 13000 روپے مقرر کی گئی تھی تاہم حالیہ ٹیکس کی بدولت اسکی قیمت میں بھی ایک ہزار کا اضافہ ہوگیا ہے۔ فی الوقت یہ فون کالے رنگ میں دستیاب ہے تاہم بہت جلد سفید رنگ بھی دستیاب ہوگا۔

میری رائے:

اگر آپ سچ پوچھیں تو اس قیمت میں بلاشبہ یہ ایک بہترین سمارٹ فون ہے۔ اسکی سکرین اور میٹریل کوالٹی بہت ہی عمدہ ہیں، اسکے ساتھ ساتھ یہ اینڈرائیڈ جیلی بین سے مزین ہے۔ پاکستانی مارکیٹ میں اس فون کے مقابلے پر صرف کیو موبائل کے ایک یا دو سمارٹ فونز موجود ہیں جو اینڈرائیڈ کے پرانے ورژن کے حامل ہیں اور انکی کوالٹی بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں۔ جبکہ اس قیمت میں ملنے والے سام سنگ یا ایچ ٹی سی کے فونز میں اتنے فیچر بھی موجود نہیں اور ان پر اینڈرائیڈ کا بہت ہی پرانا ورژن چل رہا ہے۔

backside

گو کہ اس فون میں کچھ کمی ، جیسے کم ریم اور ڈبل سم کی آپشن نہ ہونا تو ہیں مگر پھر بھی ہماری رائے میں اگر آپ ایک کم قیمت سمارٹ فون خریدنا چاہ رہے ہیں تو یہ فون ایک بہترین انتخاب ہے۔

ہواوے کو پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھے کچھ زیادہ عرصہ نہیں ہوا، لیکن اپنی کم قیمت اور اچھی پراڈکٹس کی بدولت کمپنی بہت تیزی سے صارفین کے دلوں میں اپنی جگہ بنا رہی ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی یہ کمپنی پاکستان کی حد تک بڑی کمپنیوں جیسے سام سنگ اور نوکیا کے مقابلے پر آجائے گی۔ اس حوالے سے آپکی کیا رائے ہے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔

فون کی ان باکسنگ اور ہینڈز آن ویڈیو ملاحظہ فرمائیں: