وطین کی جانب سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں وائرلیس انٹرنیٹ کی سہولت

وائرلیس انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی وطین کی جانب سے پنجاب کے 22 تعلیمی اداروں میں وائرلیس انٹرنیٹ کی سروسز فراہم کردی گئی ہیں۔ حکومت پنجاب کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت وطین ٹیلی کام گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لیے ای لرننگ پورٹل فراہم کرے گی جس کے ذریعے طلباء ،درسی کتب ،گذشتہ سالوں کے پرچے اور دیگر امتحانی مواد آن لائن حاصل کرسکیں گے۔

wateenhotspot

اس مقصد کے لیے وطین کی جانب سے 22 تعلیمی اداروں میں 235 وائی فائی ہاٹ سپاٹس قائم کیے گئے ہیں۔جن میں سے 126 کے لیے ان ڈور موڈیم اور بقایا 109 کے لیے آوٹ ڈور آلات کا استعمال کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وطین کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نعیم زمیندار کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور وطین کی جانب سے پیش کیے جانےوالے اس پراجیکٹ کا مقصد یہ ہے پاکستانی طلباء کو بھی اسی معیار کی تعلیم فراہم کی جائے جیسا کہ کیمبرج یا ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء کو فراہم کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام درسی کتب اور دیگر تعلیمی مواد آن لائن فراہم کیا گیا ہےاور طلباء وائرلیس انٹرنیٹ کے ذریعے بالکل مفت اس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔