عمار افضل ، اوکاڑہ کا آئی ٹی جینیئس یا پھر ایک جینیئس فراڈیہ؟
گذشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں کافی تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔ ملک میں سافٹوئیر ہاوسز اور آئی ٹی کمپنیوں کے قیام سے اس شعبہ میں روزگار کے بہترین مواقع پیدا ہوئے ہیں جسکی وجہ سے آج پاکستانی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آئی ٹی اور ٹیلی کام کی تعلیم عروج پر ہے۔ آئی ٹی کے اس میدان میں جہاں اعلی تعلیم یافتہ افراد اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وہیں ارفع کریم(مرحومہ) ، بابر اقبال اور ان جیسے بہت سے ہونہار پاکستانی بچے بھی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نت نئے عالمی ریکارڈ بنا کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
پاکستان میں حالیہ چند سالوں کے دوران دہشت گردی کی کاروائیوں اور مغربی ممالک بشمول بھارت کی جانب سے منفی پراپوگنڈہ کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہورہا ہے، وہیں یہ ہونہار بچے اس کوشش میں ہیں کہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کیا جائے اور وہ بہت حد تک اس میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔ لیکن جناب کیا کیا جائے یہاں بھی کچھ افراد سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے جھوٹ اور دھوکہ دہی کا سہارا لے کر ملک کی عزت کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
چند روز قبل ایک دوست نے نجی ٹی وی چینل ’سماء‘ کی ایک رپورٹ پر توجہ دلائی جس میں چینل کی جانب سے اوکاڑہ کے ایک نوجوان عمار افضل گولڈ میڈ لسٹ کا خصوصی پیکج تیار کیا گیا۔ اس سے قبل سرکاری ٹی وی اور دنیا نیوز بھی عمار افضل کو اپنے پروگرامز میں مدعو کرچکے ہیں (ان پروگرامز کی ویڈیوز تحریر کے آخر پر ملاحظہ فرمائیں) ۔عمار افضل کا دعوی ہے کہ مائیکروسافٹ ونڈوز ڈیویلپمنٹ ٹیم کا نہ صرف حصہ ہیں بلکہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے انہیں کمپنی کا اعزازی مینجنگ ڈائریکٹر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
عمار کا کہنا ہے کہ باقی لوگوں کو مائیکروسافٹ ڈیویلپر ٹیم کا حصہ بننے کے لیے ہزاروں ڈالر ادا کرنا پڑتے ہیں جبکہ بل گیٹس نے عمار کو اپنی طرف سے وظیفہ دے کر اس ٹیم کا حصہ بنایا۔ عمار کے مطابق ونڈوز ڈیویلپمنٹ ٹیم میں کل 49 افراد شامل ہیں اور عمار کو ونڈوز کے مستقبل کے ورژن ونڈوز 9 کے لیے 50 فیصد کام کی ذمہ داری سونپی گئی ہےجبکہ باقی 48 ڈیویلپرز عمار کی مشاورت سے بقایا کام سرانجام دیں گے(شاید مائیکروسافٹ کو ونڈوز 9 پیش کرنے کی بہت جلدی ہے؟) ۔ یہی نہیں بلکہ عمار افضل نے یہ دعوی بھی کیا کہ اس سال جاری کیے جانے والی ونڈوز 8 کو عمار کے کہنے پر مزید بہتری کے لیے سال کے آخر تک موخر کر دیا گیا اور وہ ونڈوز 8 استعمال کرنے والے پہلے فرد ہیں۔ ارے واہ، عمار اتنے قابل ہیں اور ہمیں معلوم ہی نہ تھا؟
مائیکروسافٹ اور عمار کا تعلق جاننے کے لیے میں نے مائیکروسافٹ پاکستان کے ایک عہدہ دار طاہر مسعود سے رابطہ کیا، میرے استفار پر انہوں نے عمار کی ان حیرت انگیز کامیابیوں سے لاعلمی کا اظہار کیا اور اسے کھلا فراڈ قرار دیا ، انہوں نے کہا کمپنی اس دھوکہ دہی کی جلد خبر لے گی۔ اسی طرح امریکی شہر ریڈمونڈ میں واقع مائیکروسافٹ ہیڈکواٹرز میں کام کرنے والے ایک دوست حامد ضیاء نے عمار افضل کے تمام دعووں کو غلط اور صریحاً جھوٹ قرار دیا۔ حامد ضیاء نے پاکستانی میڈیا کی بے وقوفی پر حیرت کا اظہار کیا ، انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری مینجر کو اس فراڈیے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
جب سماء ٹی وی کی یہ ویڈیو آئی ٹی نامہ کے فیس بک پیج پر اپلوڈ کی گئی اورقارئین سے اس کے سچ اور جھوٹ کے بارے میں آراء طلب کی گئیں تواکثر دوستوں نے عمار کو فراڈ قرار دیا جس پر عمار افضل کافی غصہ میں نظر آئے اپنی سچائی ثابت کرنے کے لیے ہم سے یہ وعدہ کیا کہ وہ بہت جلد تمام ثبوت ہمیں بذریعہ ای میل ارسال کردیں گے، جو کہ انہیں مسلسل یاد دہانی کروانے کے باوجود آج تک موصول نہیں ہوئے۔لہذا ہمیں اس ویڈیو میں دکھائے گئے سرٹیفیکیٹس سے ہی کام چلانا پڑے گا۔
عمار افضل کا دعوی ہے کہ وہ مائیکروسافٹ ڈیویلپمنٹ اوراوریکل میں عالمی ریکارڈ یافتہ ہیں، جس کے لیے ویڈیو میں انکی جانب سے گینیز ورلڈ ریکارڈز کا ایک خط ، سٹینفورڈ یونیورسٹی کی اسناد اور برین بینچ نامی ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے سرٹیفیکیٹس دکھائے گئے ہیں۔اکثر دوستوں اور خود میر ایہ خیال ہے کہ تمام نہ سہی تو ان میں سے اکثر جعلی ہیں۔
سب سے پہلے بات کرتے ہیں گینیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے بھیجے گئے خط کی، خط ایک عام بلیک اینڈ وائیٹ پرنٹ ہے جس میں عمار کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ انکے کوائف درج ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ دو سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود عمار کی جانب سے گینیز ورلڈ ریکارڈ سے اصل سرٹیفیکیٹ کا مطالبہ نہیں کیا گیا؟ اور نہ ہی ویب سائیٹ پر انکا کوئی نام و نشان ہے؟ ماجرا کیا ہے؟ اس خط میں جس بات نے میری توجہ حاصل کی وہ یہ ہے عمار نے نقلی خط تو بنا لیا لیکن گرائمر کی ایک غلطی نے مروا دیا ، اور وہ ایک جگہ as follows کی بجائے as followed لکھ گئے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے جاری کیا جانے والا اصل سرٹیفیکیٹ کچھ یوں نظر آتا ہے:

خیر چلیں اس ورلڈریکارڈ کی بات تو چھوڑیں ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں، آئے دیکھتے ہیں عمار کا اوریکل10g کا سرٹیفیکیٹ جو کہ اسے سٹینفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
بڑی حیرت کی بات ہے کہ اس سرٹیفیکیٹ پر لوگو تو سٹینفورڈ کا ہے لیکن باقی تمام تفصیلات برین بینچ نامی ادارے کی ہیں؟ شایدہ برین بینچ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سٹینفورڈ کی ڈگری بھی جاری کر سکتا ہے؟ نہ ہی اس سرٹیفیکیٹ پر سٹینفورڈ یا برین بینچ کی مہر موجود ہے؟ اور اگر یہ سرٹیفیکیٹ کمپیوٹر پر تیار کیا گیا ہے تو کوئی ریفرنس نمبر بھی موجود نہیں۔لگتا تو یوں ہے کہ عمار نے سٹینفورڈ کا لوگو تو چسپاں کر لیا لیکن نیچے دی گئی تفصیلات پر غور نہیں کیا۔
ویڈیو میں دکھائے گئے عمار کے برین بنچ سرٹیفیکیٹ میں بھی انہی افراد کے دستخظ موجو دہیں جنہوں نے سٹینفورڈ کے سرٹیفیکیٹ پر دستخط کیے تھے، یہ سرٹیفیکیٹ صرف یہ بات ظاہر کرتا ہے کہ عمار ونڈوز وسٹا کی ابتدائی معلومات رکھتے ہیں نہ کہ وہ ونڈوز ڈیویلپمنٹ کے چیمپئین ہیں۔
یاد رہے کہ اس سرٹیفیکیٹ پر برین بینچ ادارے کی مہر اور ریفرنس نمبر درج نہیں۔ برین بینچ کی جانب سے جاری کیا گیا ایک اصل سرٹیفیکیٹ ملاحظہ فرمائیں:

عمار افضل کو سٹینفورڈ ہی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک سرٹیفیکیٹ کے مطابق وہ ویب ڈیویلپمنٹ کا کام بھی جانتے ہیں (سرٹیفیکیٹ پر یہ ویب ڈیویلپنگ درج ہے، سٹینفورڈ والوں کی انگریزی بہت کمزور ہے) لیکن بڑی حیرانی کی بات ہے کہ انہوں نے Champion Softwares کے نام سے اپنی ایک ویب سائیٹ مفت ویب سائیٹ بنانے والی کمپنی کے سافٹوئیر سے تیار کی؟
ایک بات غور طلب ہے کہ عمار کے پاس موجود تمام سرٹیفیکیٹس میں نام اور مضمون کے نام کے لیے ایک ہی طرح کا فانٹ استعمال کیا گیا ہے جو کہ برین بینچ کے فانٹ سے کافی مختلف ہے۔
اسی طرح عمار نے جاوا سکرپٹ ، ونڈوز ایکس پی اور دیگر موضوعات کے حوالے سے سٹینفورڈ یونیورسٹی کے اور بہت سے سرٹیفیکیٹ جمع کر رکھے ہیں، عمار یوٹیوب پر مختلف اکاؤنٹس جیسے BrainbenchUSA , MicrosoftUniversity کے ذریعے اپنے کارناموں کی تشہیر میں بھی مصروف نظر آتے ہیں۔چند دوستوں کے مطابق عمار managingdirector@microsoft.com ای میل ایڈریس سے لوگوں کو ای میل بھی کرتے ہیں۔ اگر آپ انٹرنیٹ کی تھوڑی بہت سمجھ بوجھ بھی رکھتے ہیں تو آپ جانتے ہونگے کہ ای میل سپوفنگ کسے کہا جاتا ہے اور کسی بھی ای میل ایڈریس سے ای میل کرنا کتنا آسان کام ہے۔
عمار افضل کے بارے میں اتنا کچھ جان لینے کے بعد آپ کو یاد کرواتا چلوں کہ یہ وہی عمار افضل ہیں جو چند سال قبل ایک امریکی بینک کے مشکل ترین سافٹوئیر پرابلم کو حل کرنے پر پاکستانی اخبارات کی شہ سرخیوں میں نظر آئے۔ ایک ایسا امریکی بینک جسکی شاخیں 30 سے زائد ممالک میں تھیں جب انکے سافٹوئیر میں خرابی پیدا ہوئی تو انہوں نے ایک پاکستانی نوجوان پر اعتبار کرتے ہوئے اسے اپنے انتہائی خفیہ سسٹم تک رسائی فراہم کی ، اس نوجوان نے سافٹوئیر کی خرابی کو سیکنڈوں میں دور کر دیا؟ عمار نے یہ کام اتنی ہوشیاری سے انجام دیا کہ وہ پاکستان کے مشہور آئی ٹی اور ٹیلی کام بلاگ پروپاکستانی کے مدیر عامر عطاء کو بھی چکمہ دینے میں کامیاب ہوگئے اور وہ بھی عمار کی صلاحیتوں کے گن گانے لگے۔
فیس بک پر دوستوں کی جانب سے کافی عرصہ سے اصرار کیا جارہا تھا کہ عمار افضل سے متعلق ایک مکمل تحریر لکھی جائے لیکن وقت کی کمی کے باعث اس میں تاخیر ہوتی گئی۔ بہرحال میں نے آپ دوستوں کے سامنے اپنی رائے پیش کر دی ہے(ہوسکتا ہے کہ میری معلومات غلط ہوں اور عمار واقعی سپر ہیرو ہوں) آپ لوگ اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟ اگر عمار ان جعلی سرٹیفیکیٹس کی وجہ سے مائیکروسافٹ کے ایم ڈی بن سکتے ہیں تو ارفع کریم یا بابر اقبال جو کہ سچ مچ کے جینئیس ہیں ان کو تو مائیکروسافٹ کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہونا چاہیے۔
میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے میرا یہ سوال کہ کیا پاکستانی میڈیا کو بے وقوف بنانا اتنا ہی آسان ہے؟ میں ان تمام چینلز کی انتظامیہ اور اخباری رپورٹرز سے استداء کرتا ہوں کہ کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے پہلے اسکی تصدیق ضرور کر لیا کریں۔ پاکستانی قوم یقیناً دنیا کی بہترین قوموں میں شمار ہوتی ہے لیکن ہمیں دھوکہ سے حاصل کی گئی ایسی جھوٹی عزت ہرگز نہیں چاہیے جس کی وجہ سے ہمارا ملک اقوام عالم کے سامنے رسواء ہو۔ میں یہ چاہوں گا کہ آپ لوگ اور خاص کر عمار اس تحریر پرضرور تبصرہ کریں۔
عمار افضل کے کارناموں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیوز ملاحظہ فرمائیں ، مجال ہے کہ انہوں نے رٹا رٹایا سکرپٹ بولنے کے کوئی کام کی بات کی ہو؟ حیرانی کی بات یہ ہے کہ عمار ایک ویڈیو میں ویب براوزر کھولے خلاء میں پتا نہیں کیا ٹائپ کیے جارہے ہیں، اور انہیں سافٹوئیر ڈیویلپمنٹ کا شوق ہارڈوئیر پراڈکٹس اور پراسیسرز کے بارے میں معلومات حاصل کرنے سے ہوا ، محو حیرت ہوں :
87 تبصرے کیے گئے
اس تحریر کے بارے میں دیگر ویب سائیٹس کی رائے
-
[...] kind of fraud as well. He had claimed similar kind of records in various certifications, which were later found out to be fake. var fbShare = {url: [...]
-
[...] متعلق چند تحاریر: عمار افضل ، اوکاڑہ کا آئی ٹی جینیئس یا پھر ایک جینیئس فر… Shayan Akhtar, Self Proclaimed World Record Holder, Turns out to be a [...]
-
[...] ”میڈیا لایا ایجادیوں کی بارات“ پڑھیے۔ اس کے ساتھ ساتھ عمار افضل کی حقیقت بھی یاد کیجئے، جس کو آپ کے میڈیا نے قوم کا ہیرو بناتے [...]

























پینڈو۔
سب سے پہلے تو اس فراڈیئے کے خلاف اتنی بڑی اور کامیاب تحریر لکھنے پر آپ مبارک باد وصول کریں ۔
مجھے تو پہلے دن سے ہی اس بندہ پر شق تھا ، کیونکہ ایک انسان جو انٹرنیٹ کے بارے میں معلومات رکھتا ہو اور میڈیا کے ٹاک شو اور سیاست میں گھس گھس کر حصہ لیتا ہو تو وہ اتنا تو جان ہی لیتا ہے کہ کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ ۔ اس بندہ کے بولنے کا انداز یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ بہت سہم کر اترا کر بولنا چاہ رہا ہے تاکہ کوئی پہچان نہ سکے ۔ لیکن جھوٹ پہچاننے کی صلاحیت اللہ جسے دیتا ہے تو وہ ضرور جھوٹ پکڑتا ہے ۔ پھر بھی میں آپ والی بات کہوں گا کہ ہوسکتا ہے یہ بندہ واقعی
سپر ہیرو ہو
جو کے نہیں لگتا ۔ میں آپ کے ساتھ ہوں ۔ یہ آپ نے تحریر لکھی ہے اب آپ دیکھئے گا یہ تحریر میڈیا تک بھی پہنچ جائے گی ۔ اور پھر آپ کو پکڑا جائے گا ۔ لیکن میں آپ کے ساتھ ہوں ۔
ارے بھائی ڈرا کیوں رہے ہو، میڈیا والے مجھے کیوں پکڑیں گے؟ میں تو خود میڈیا والا ہوں ۔ ’ای میڈیا‘
آپکی پسندیدگی اور میری حمایت کرنے کا بے حد شکریہ۔ ویسے واقعی تحریر کافی لمبی ہوگئی۔
دراصل میں عمار افضل کا جو میڈیا ہے اس کی بات کررہا تھا
وہ میڈیا جو ان کی شاندار کارکردگی کے گن گارہا تھا ۔ مجھے تو لگتا ہے میڈیا کے ساتھ بھی عمار افضل نے ” مک مکا “ کیا ہے
میڈیا وہ والا ، دیکھیں سماء ٹی وی ہے، پی ٹی وی اور آفتاب اقبال، ویسے مجھے آفتاب اقبال سے یہ توقع نہ تھی، جناب نے سوچا ہوگا اپنے شہر کا منڈا ہے دیکھی جائے گی۔
سماء اور آفتاب اقبال سے تو مجھے یہی امید تھی اور ہمیشہ اسی طرح کی امید رہتی ہے ۔ آفتاب اقبال اپنے آپ کو بہت بڑا عقلمند سمجھتا ہے جبکہ ہے کچھ بھی نہیں ۔ مجھے اس دن سے آفتاب اقبال سے نفرت ہوگئی تھی جس دن اس شخص نے اپنے پروگرام ” خبر ناک “ میں جناب طارق عزیز صاحب ( نیلام گھر اور بزم طارق عزیز والے ) کا مزاق اڑا یا تھا ۔ مجھے ایسی امید پی ٹی وی سے نہیں تھی ۔ باقی میڈیا کا تو کام ہی یہی ہے ۔ میں نے تو پہلے بھی کہا کے اس نے میڈیا کے ساتھ ” مک مکا “ کیا ہوا ہے کچھ ایسا ہی لگتا ہے ۔
ہمارے میڈیا میں صرف ایک ریس ہے کہ خبر سب سے پہلے دے دیں، چاہے وہ سچ ہو یا نا ہو یا ہو ہی نا۔ اور کبھی کبھی تو یہ خود ہی خبر بنا لیتے ہیں۔ اللہ ہی پوچھے اس آزاد میڈیا کو۔ بہت اچھی تحریر ہے اور بہت ہی اچھا کیا جو تفصیل سے تمام معلومات بیان کی گئی ہیں۔
اور جبران آپ کو بتاتے چلیں کہ سب سے پہلے یہ خبر آئی ٹی نامہ نے 4 بج کر 13 منٹ اور 42 سیکنڈ پر دی اور اسطرح ہمارا بلاگ باقی بلاگز سے پھر جیت گیا۔
^ اسطرح ہوتا ہے ٹی وی چینلز پر
ہاہاہا، ویسے جیسے ہمارے میڈیا میں کچھ اچھے عناصر ہیں ویسے ہی سوشل میڈیا میں بھی اچھے عناصر ہیں۔ بس اچھا کام جاری ساری رکھیئے۔
سر آپ بھی کچھ ڈیزائینگ سے متعلق ٹوٹکے ایک تحریر کی صورت میں کبھی عنایت فرمائیں ، خالی ’حونصلہ افٹائی‘ نہ کیا کریں۔
فڑ لو فڑلو
جان ناں دیو جی
جھوٹے کو اس کے گھر تک پہنچا کر آؤ
میں تو پہلے ہی کہا کرتا ہوں کہ پاکستان ميں کسی کا
کسی بڑی سیٹ پر ہونا اس کے بڑے ہونے کا ثبوت نہیں ہے
نہیں
بلکہ
اس کی سفارش کے بڑے ہونےکا ثبوت ہوتا ہے
سما نیوز اس سے پہلے بھی ایسے کچھ کارنامے دکھا چکا ہے.
زبردست تحریر، مجھے ویڈیوز دیکھ کر ہنسی آ ری ہے-
مجھے یاد ہے جب میرے ابو نے ایک مرتبہ مجھے ایک اردو کالم پڑھایا تھا جس میں اس کے اوریکل کا کارنامہ بیان کیا گیا تھا- اور میں اس کا "فین" ہو گیا تھا. لیکن میں نے کوئی تحقیق نہیں کی تھی- چلیں آج آپ کی وجہ سے سارا مواد ایک ہی جگہ مل گیا-
+١
جناب آئی ٹی نامہ میں خوش آمدید۔ تحریر پسند کرنے کا شکریہ، آپ کو بھی لکھنا چاہیے تھا اس بارے میں، چونکہ میرا پروگرامنگ سے بہت دوررررر کا واسطہ ہے لہذا ہوسکتا ہے میں نے کچھ اہم پوائینٹ مس کر دیے ہوں۔
یار اب سیدھا "کیس" سمجھ آ رہا ہے، میں نے اب تھوڑی سی تحقیق کی ہے، یہ بندہ PCWorld.com پر بھی بل گیٹس کے نام سے کمنٹس کرتا ہے ہاہاہا ،، بہرحال افسوس تو ہمارے میڈیا پر ہے جو بنا کچھ پتہ کیے انٹرویوز کر رہے ہیں-
ہاہاہا، اپنی ویب سائیٹ پر یہ ’جینیئس‘ فراڈیہ لکھتا ہے کہ ہماری کمپنی مائیکروسافٹ کی جانب سے تصدیق شدہ ہے کیونکہ کمپنی کا سی ای او مائیکروسافٹ کا ایم ڈی ہے۔
ہاں وہ بھی پڑھا میں نے، حتیٰ کہ ہندوستانی بلاگرز بھی مذاق اڑا رہے ہیں اس کا اور پاکستان کا، اور ماشا اللہ اوپر سے میڈیا کوریج!!
بل گیٹس کے نام سے تبصرہ ۔۔۔۔۔! ہاہاہا
۔ کل کوئی زرداری کے نام سے اور سارے مشہور لوگوں کے نام سے تبصرے کرتا پھرے گا ۔
دوستو، کون پوچھتا ہے عمار کو، میں نے تو اسکے بارے میں آجتک نہیں سنا، اتنا بھی مشہور نہیں ۔ ۔ ۔ ۔
جی لیکن جن بھولے بھالے اور سادہ لوح لوگوں نے پڑھا ہے ، انہیں تو اصل بات کا پتہ چلنا چاہیے نہ؟ اکثر انٹرنیشنل فورمز پر خاص کر بھارتی افراد پاکستان اور پاکستانیوں کا خوب توا لگاتے رہتے ہیں اس فراڈیے کو بنیاد بنا کر.
اور وہ جو امریکی بنک والا معاملہ تھا وہ بھی "ہوائی" تھا؟
امریکی تو پاکستانیوں کو ایک بلیک بیری فون کی معلومات تک رسائی نہیں دیتے کجا کہ وہ اسے اتنے بڑے بینک کی نیٹورک تک رسائی دے دیں۔
سنو گپ شپ سنو گپ شپ کہ ناؤ میں ندی ڈوب چلی ہے
یار میرے دل کرتاہے تیرا ماتھا چوم لُو :ڈ
اس نے سہی تونا چڑھایا ہے
یار ایک چومی میری طرف سے بھی… یاد سے!
سرکاری ٹی وی پر بھی یہ آیا تھا؟ آئی ایس آئی والے سوئے ہوئے ہیں کیا ؟ انکا سائیبر ونگ کدھر گیا۔
بھائی اب آئی ایس آئی کا سرکاری ٹی وی سے کیا تعلق؟
پہلی بار ان حضرت کے بارے میں سن رہاہوں، شاید میں ٹی وی نہیں دیکھتا زیادہ اس لیے۔ خیر اگر یہ جھوٹ ہے تو وہ چیزیں جو سچ ہیں وہ بھی کسی کام کی نہیں۔ پاکستانی میڈیا کو خبر کی صداقت نہیں اسکی مشہوری سے غرض ہوتی ہے۔
لگتا ہے اس لڑکے نے بڑا پیسہ خرچ کیا تھا ، میڈیا پر اپنی تشہیر کے لیے ، اور آپکی شرلاک ہومزانہ صلاحیتوں نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ مان گئے استاد۔
شرلاک ہومز پاکستان میں نہیں ہوتا ، ادھر تو کرنل فریدی کی بات کریں۔
مجھے تو ایک بات کی سمجھ نہیں آرہی , سٹینفورڈ کیسے اوریکل کی سرٹیفیکیشن دے سکتا ہے، اوریکل الگ کمپنی ہے ، اور وہ خود سرٹیفیکیٹ جاری کرتی ہے۔ ملاحظہ کیجئے http://education.oracle.com/pls/web_prod-plq-dad/…
خیر اس بندے کے پاس تو جاوا سکرپٹ کا سرٹیفیکیٹ بھی ہے، جبکہ جاواسکرپٹ کا سرٹیفیکیٹ تو کوئی بھی جاری نہیں کرتا http://stackoverflow.com/questions/1881735/javasc…
جناب عمار افضل ہے ہی اتنا قابل کہ انہیں تمام سرٹیفیکیٹس جاری کرنا پڑے، ارے ہاں بل گیٹس نے فون کر کے بولا تھا نہ :
بھائی ہے اپنا ، دے دے سرٹیفیکیٹ نہیں تو!
افسوس صد افسوس
اپنے ساتھ ملک کو بھی بدنام فرما رہے ہیں۔کاش ان کے والدین ان کو ایمانداری کا سبق پڑھانے میں کامیاب ہوجاتے۔
میں آپکے ہم خیال ہوں۔
میڈ یا پر حیرت ہے۔ سماء والے تو ویسے ہی پا گل ہیں۔ یہ پہلے ہی کتنی بار بیوقوف بن چکے ہیں۔
آپکی کوشش واقعی حیرت انگیز ہے۔ جزاک اللہ
میں نے ابھی مائکرو سافٹ پاکستان میں اپنے ایک دوست سے بات کی ہے اس بارے میں، اس نے کہا اب اس کا ہم کیا کریں، ہم نے اس کی رپورٹ آگے فارورڈ کر دی ہے بس!
جناب انکو کوئی پرواہ نہیں ، بدنامی تو ملک پاکستان کی ہورہی ہے نہ.
پچھلے دنوں فیس بک پر کسی نے موصوف کی ویڈیو دی تھی. بونگیوں سے پتہ چل گیا کہ بندہ مابدولت سے بھی گیا گزرا ہے. تاہم یہ نہیں پتہ تھا کہ موصوف "مشہور" بھی ہیں اور بھی اسقدر.
خیر میڈیا اور سماء سے آپ کیا توقع رکھتے ہیں…کبھی انکے پروگراموں میں جعلی معجزوں والے آجاتے ہیں، کبھی انکا اینکر اینٹل ڈوول کور ٹیکنالوجی کو 15 سال پرانا قراد دیتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ تماشا. شکر ہے ہمارے یہاں اتنے "معلوماتی" چینل نہیں آتے.
اور ہاں یہ تو آپ بتانا بھول گئے کہ وہ بینک والی بونگی ہمارے دلعزیز کالم نگار جاوید چوہدری صاحب کی تھی.
بہت خوب، زبردست تحقیق اور پھر اس پر زبردست تحریر ہے. باقی میڈیا کی بات چھوڑ دیں. اب تو یہ جو کہتے ہیں سمجھ لو اس کے الٹ کام ہے. پچھلے دنوں ہم بھی میڈیا کی خبر پر ایک بندے کو ملنے گئے لیکن کھودا پہاڑ، نکلا چوہا.
ارے جناب کونسے پہاڑوں کا ذکر ہے یہ کچھ پتہ تو چلے؟
کمال کی تحریر ہے، واقعی مزا آ گیا۔ ایسی چشم کشا تحاریر کی بہت ضرورت ہے ہمارے ہاں۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ میڈیا ایسے جعل سازوں کے ہاتھوں بے وقوف بننے کو تو تیار ہے لیکن حقیقی باصلاحیت افراد، جیسا کہ آپ، کو لفٹ کروانے کو تیار نہیں۔ آپ کسی بھی چینل سے رابطہ کر کے دیکھ لیں، انہوں نے آپ کو وہ لارے لپے دینے ہیں کہ آپ کو نانی یاد آ جائے گی۔
میں تو کہتا ہوں اس جعل ساز کو پکڑ کر اس کو 50 چھتر لگائے جائیں اور جو جو میزبان اس کو اپنے پروگرام میں لایا ان کو 100، 100 چھتر۔
آپ ’بزرگوں‘ کی مہربانی ہے یہ سب، خیر جناب چینلوں کی تو بات ہی چھوڑیں ، ادھر تو پاکستانی انگریزی بلاگرز لفٹ نہیں کرواتے. یعنی آپکا مطلب ہے کہ اب پروگرام کی میزبان ’آنٹیوں‘ کی بھی چھتر پریڈ کی جائے؟
پاک سرزمیں شادباد
جناب صدرپاکستان جھوٹ، _____ , ____ میں اتھا رٹی مانے جاتے ہیں –
جناب وزیراعظم پاکستان ______؛ ذلت کے اتھارٹی ہیں-
جناب وزیر داخلہ کو بھی پی ایچ ڈی کی ڈگری دے دی گی ہے-
جناب بجلی اور پانی کے وزیر راجہ صاحب کو ان کی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے اب آی ٹی کا وزیر بنا دیا گیاہے-
اگر یہ سب بول رہا ہے تو اس کی بھی مان لو !!!!!!
اور سب سے آخر میں!
ونڈز 9 کا اللہ حافط –
مجھے اس بات کا بہت دکھ اور افسوس بھی ہو رہا ہے کہ ایسے ملک میں جہاں محمد علی مکی جیسا آدمی تن تنہا محنت کر کے قومی زبان اردو میں ایک مکمل لینکس آپریٹنگ سسٹم بنا کر دیتا ہے تو اسے کہیں سے دھیلے کی مدد بھی نہیں ملتی۔ یہاں تک کہ گوگل پاکستان کی جانب سے مختص کیے گئے فنڈز (http://pashafund.com) میں بھی اس کا پروجیکٹ اس قابل قرار نہیں پاتا کہ اسے اردو لینکس کو ملک بھر میں پھیلانے میں مدد دے۔ انا للہ۔ اور عمار جیسے جعل ساز پھلتے پھولتے ہیں، ملک کے مایہ ناز ترین صحافیوں کی آنکھوں تک میں آتے ہیں اور ان کے انٹرویو اخبارات اور ٹیلی وژن چینلوں کی زینت بنتے ہیں جبکہ مکی جیسے حقیقی باصلاحیت افراد مالی تنگی اور پریشانیوں کا سامنا کرنے کے بعد بالآخر ملک چھوڑ جاتے ہیں۔ یقین کریں میرا رونے کا دل کر رہا ہے
جناب عمار افضل کے پیچھے سیاسی اور میڈیا وابستگیاں رکھنے والا ایک گروپ ہے. اسکے بارے میں بھی تحقیق کی جارہی ہے.
اس بات پر حیرت ہوئی کہ ونڈوز 9 کا 50 فیصد کام کرنے والااور ویب ڈولپمنٹ میں Stanford University کی سند رکھنے والا اپنی ویب سائٹ بھی خود نہیں بنا سکا۔
اتنی تحقیق کے بجائے اس کی ویب سائٹ کے سکرین شاٹ ہی دے دیتے. صا ف پتہ لگتا ہے کہ ایک نیم خواندہ شخص کی کارستانی ہے.
قصور سما ، پی ٹی وی یا دنیا نیوز کا نہیں ہے. یہ ایک عمومی رجحان ہے ہمارے یہاں. شخصیت پرستی کا. اور ہم اس قدر غلو کر جاتے ہیں کہ انسان سے خدا بن جاتا ہے.
نئی چیز پڑھنے کو ملی۔ ویسے جدید تکنالوجی کے میدان میں اتنا بڑا فراڈ ہمارے ہاں چلنا ذرا مشکل ہی ہے ، چہار جانب سے لوگ بال کی کھال نکالنے ٹوٹ پڑتے ہیں ۔۔۔ جعلی سرٹیفیکٹ کو تو ہم جیسے معمولی سے گرافک ڈیزائنر بھی بآسانی پکڑ سکتے ہیں
محترم پاکستان میں جھوٹ اور فریب کے نام پر ہی سب کچھ چلتا ہے اور وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو ان چیزوں کا سہارا لیتے ہیں. کیونکہ کوئی پوچھنے والا کوئی تحقیق کرنے والا یہاں سرے سے موجود ہی نہیں.
جناب اب ایسی بھی بات نہیں ہے، اب ارفع کریم ، بابر اقبال ، علی معین نوازش اور ایسے بہت سے ہونہار بچے بھی تو پاکستان سے ہی تعلق رکھتے ہیں؟ انہوں نے تو کسی جھوٹ کا سہارا نہیں لیا۔
بہت افسوس کی بات ہے، عمار کے والدین کو بھی اس پر شرم کرنی چاہیے۔
ابو شامل صاحب آپ کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔ اور اس "قابل ترین" بندے کی ویڈیو مکسنگ دیکھ کر ھی اس کی "قابلیت" کا خوب اندازا ہو رہا ہے۔ آخر اس سب پروپیگینڈے کا مقصد کیا ہے؟ عمار چاہتا کیا ہے ؟؟
ارے بھئی کمنٹس کے نیچے لائیک کا بٹن بھی ہونا چاہیے، زہیر چوھان صاحب کچھ کریں لائیک بٹن کا۔
بہت افسوس کی بات ہے ، ہمارے حکمرانوں کا کوئی معیار نہیں تو ایسے فراڈیوں کو کون پوچھنے والا ہے؟ اللہ ہمارے حال پر رحم فرمائے۔
گرائمر کی بہت غلطیاں ہیں اسکی ویب سائیٹ پر بھی۔
یہ جتنا بھی بڑا ایکسپرٹ ہو ، لیکن یہ مائیکروسافٹ کا ایم ڈی نہیں بن سکتا پوری زندگی، یہ عامر لیاقت کا کوئی دوست تو نہیں – جعلی ڈگری والا۔
لائک کے بٹن کا ایک نقصان ہے اور وہ ہے کہ پھر لوگ تبصرہ کم کرتے ہیں اور لائک کرکے اپنی زمہ داری پوری کرتے ہیں۔لیکن اصل رائے صارف کا تبصرہ ہوتا ہے لائیک نہیں ۔
واہ ……آپ نے بہت تحقیق اور محنت سے ایک زبردست اور انتہائی معلوماتی تحریر پیش کی ہے. آپ نے تو سچ میں عمار افضل کا پوسٹ مارٹم کر دیا ہے. مجھے بھی اس کی باتوں سے حیرت ہوئی تھی لیکن مجھے کہیں سے درست معلومات نہ مل سکیں.
میں بھی اپنی ویب سائٹ کے لئے اس کا انٹرویو کرنے کا سوچ رہا تھا. اللہ کا شکر ہے کہ میں اس کا انٹرویو کرنے سے بچ گیا. ورنہ مجھے بھی اس تحریر میں رگڑا لگ جانا تھا.
ان ٹی وی چینلز کے خلاف بھی عدالتی کاروائی ہونی چاہیے، پی ٹی اے اور انفارمیشن منسٹری کے مطابق جھوٹی خبر نشر کرنا جرم ہے۔ حامد ضیا کا بے حد شکریہ۔
اس کو اور میڈیا والوں کو سرعام چھتر لگانے چاہئیے ۔ عمار صاحب نے ۲۰۰۷ میں لیپ ٹاپ خریدنے کے بعد پڑھنا لکھنا چھوڑ دیا اور اپنے والد صاحب کو یہ تھک لگادی کہ ابا جی میں تو مائیکروسافٹ کابہت بڑاچمپئین بن گیا ہوں۔وہ سیدھے انسان مان بھی گئے اور یوں عمار کے فراڈ کو تقویت ملی۔ باقی سب کہانی تو آپ سب جانتے ہی ہیں۔
اس کی ویب سائیٹ دیکھیں ذرا ، بچگانہ زبان اور املاء کی غلطیاں اسکی ذہانت کا پول کھول رہی ہیں:
یار اس کی فیس بک پروفائل لنک تو شئیر کرو اس کی تھوڑی سی لیں :ڈ
پروفایل تو نہیں ملی، صفحات البتہ ہیں.
https://www.facebook.com/pages/Muhammad-Ammar-Afz…
https://www.facebook.com/pages/Ammar-Afzal/147013…
یہ دیکھو بھائی لوگو
http://propakistani.pk/wp-content/uploads/2009/05…
ہر شاخ پہ اللو بیٹھا ہے، انجام گلستاں کیا ہوگا۔
آپ کا صرف رونے کو دل کر رہا ہے؟ ہمارا تو خود کشی کرنے کو دل کر رہا ہے
لیجئے جناب ایک اور فراڈیہ: http://www.thenews.com.pk/article-50786-Pakistani…
یہ نیا لڑکا بھی مجھے ایک فراڈ ہی لگتا ہے ، آج کل جس قسم کے ہونہار بچے نظر آرہے ہیں انکی اصلیت پر شک ہی رہتا ہے۔ اسکے ٹرانسکرپٹ پر غلط تاریخ لکھی ہے (04/78/2012) میرا نہیں خیال کہ مائیکروسافٹ جیسی کمپنی ایسی غلطی کر سکتی ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی اسکے بارے میں کوئی معلومات نہیں، ایم سی پی کے بارے میں معلومات اس لنک سے دیکھی جاسکتی ہیں
https://mcp.microsoft.com/authenticate/validatemc…
لیکن میرا خیال ہے کہ اس کا آئی ڈی اور کوڈ نقلی ہے یا کسی اور کا ہے۔
http://shayananique.com/wp-content/uploads/2012/0…
میرا تو خیال ہے کہ یہ ایک نیا عمار افضل ہے۔
شایان اختر نیا فراڈیا ہے ، ٹرانسکرپٹ کی تاریخ ہی غلط نہیں بلکہ یہ خود اس نے بنایا ہے، کوئی بھی ایم سی پی کیے بغیر ایم سی ٹی ایس نہیں بن سکتا، اور یہ تو سیدھا ہی ایم سی ٹی ایس ہوگیا پروگرامنگ میں ، مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ٹرانسکرپٹ اور طرح کا ہوتا ہے۔
باقی یہ گینیز ورلڈ ریکارڈ اور بل گیٹس والی بات بھی جھوٹ ہے۔
افسوس؎ صد افسوس
کیا پاکستان میں سیاستدان کم تھے جو عمار تم بھی پاکستان کی تذلیل کروانے کے لیے آگئے؟ تم نے پوری دنیا کے سامنے ہمیں بے عزت کروایا ہے ، تمہارے ماں باپ کیا سوچتے ہونگے۔
کچھ عرصہ قبل میں نے بھی عمار کے بارے میں ایک تحریر لکھی تھی۔
http://imranlakhani.blogspot.com/2012/04/liars-am…
مجھے اس بات پر شرم محسوس ہوتی ہے کہ عمار جیسے نوجوان پاکستان کی نمائیندگی کر رہے ہیں
مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ کیمبرج یونیورسٹی امریکہ کب منتقل ہوگئی؟
یہ تو کھلا فراڈ ہے، میں خود سافٹوئیر انجینئیر ہوں اس لیے یقین سے کہ سکتی ہوں کہ یہ لڑکا فراڈ ہے، ٹی وی چینلز کو چاہیے کہ وہ اچھی طرح تصدیق کے بعد کسی کو اپنے شو میں بلایا کریں ،یہ لڑکا تو انگریزی ٹھیک سے نہیں بول پا رہا، ہوسکتا ہے کہ اس نے آن لائن کوئی کورس کیا ہو لیکن جو اسکے دعوے ہیں وہ سب جھوٹ ہے۔ بڑے شرم کی بات ہے کہ پاکستانی میڈیا جھوٹی خبروں کو بنیاد بنا کر ایسے فراڈیوں کو پرموٹ کر رہا ہے۔
ہمارہ میڈیا ہر بات کو بنا تحقیق کئے بیان کرتا ہے اور کبھی کبھی یہ باتیں سامنے بھی آجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ گلوکو کڈ( gluco kid) والا نیا تماشا ہے اس کا بھی انٹرنیٹ پر نام نہیں۔ ان کو کم عمر ترین نو سر باز کہنا چاہئے۔
سلام سب کو بڑی عجیب بات ہے کس طرح آسانی سے اس نے سب کو الو بنایا ہے اور ہمارے جاوید چودھری صاحب نے اٰس پر ایک کالم بھی تحریر کردیا تھا جو میں نے بہت خوشی خوشی سب سے شئیر کیا تھا کیا وقت آگیا ہے ایسے ایسے لوگ بھی اپنے آپ کو مشہور کروانے کے لیے کیا کیا کرتے ہیں اور ہنسی آرہی ہے کو جو بندہ بھی کمپیوٹر کی فیلڈ سے وابستہ ہے اور اُس کا تجربہ ہے وہ یو ٹیوب کی ویڈیوز دیکھ کرہی اندازہ لگا سکتا ہےکہ سب جعلی ہے گرامر کی غلطیاں فونٹ کی غلطیاں سرٹیفیکیٹ پر بھی واضع دیکھی جاسکتی ہیں لیکن اب اس فورم پر جو بندہ بھی میڈیا سے کسی بھی قسم سے رابطہ میں ہے اُس کو چاہیے کہ جلد از جلد یہ تمام تفصیلات میڈیا کے لوگوں کو بھیجے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی جُرت نہ کرسکے اور سادہ عوام جو اس فیلڈ سے وابستہ نہیں ہے اُن کو مزید اور مزید بےوقوف نہ بنایا جاسکے ویسے ہی ہمارے حکمرانوں نے اور میڈیا نے عوام کے ذہنوں میں زہر بھر دیا ہے کسی نہ کسی حوالے سے جس کی تفصیل یہاں مناسب نہیں بہت شکریہ یہ میرا پہلا پیغام تھا اس فورم پر
والسلام
سردار فیصل
جرمنی
اسلام وعلیکم،
عمار افضل اگر ملک و قوم کے لیے کچھ اچھا نہیں کر سکتے تو کم از کم ایسی حرکتیں کر کے ملک کا نام تو مت خراب کرو۔خدا کا واسطہ ہے ۔
السلام علیکم
ماہنامہ پھول لاہور میں شایان انیق حیدر کے بارے پڑھ کر،انٹرنیٹ پر سرچ کیا تو اس سائٹ نے آنکھیں کھول دیں۔اور میں یہ کہنے پر مجبور ہو گیا کہ۔۔۔بقول شاعر۔۔۔۔اتنا بڑا فریب میری سادگی کے ساتھ؟
میرے بھائی۔۔۔۔پہلے کیا ٹینشنز کم ہیں؟یا باقی طریقے ختم ہو گئے تھےجو آپ نے اتنا اعلٰی شعبہ جھوٹ کی ترویج کے لئے چنا؟جتنی محنت آپ حضرات نے خود کو سچا ثابت کرنے میں لگا دی،اتنی محنت کسی اور کام میں لگاتے تو کچھ بن بھی سکتے تھے۔
اﷲ تعالٰی ہمیں جانب چلنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے۔آمین
حیرت ہے میڈیا والوں پر کہ بھیڑ چال کا حصہ بنے ہوئے کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کئے آن ائیر کردیتے ہیں۔ ایک ایسا بندہ جو جھوٹ پہ جھوٹ بولے جارہا ہے، اور بہت سارے لوگ اس کے جھوٹ کو Disclose کر رہے ہیں، لیکن مجال ہے جو میڈیا نے کوئی مذمتی یا معذرتی بیان دیا ہو؟
ہوسکتا ہے کہ یہ لڑکا سچ بول رہا ہو، کیا مائیکروسافٹ والوں نے اسے جھوٹا قرار دیا ہے؟ انکی طرف سے بھی کچھ سامنے آنا چاہیے نہ۔
حبیب عباسی سعودی عرب
نور والا انٹرویو دیکھ کر ہنسنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
ہاہاہا! بہت خوب۔
ایک بھیڑ چال سی بن گئی ہے اور بُہت سے لوگ اِس کا شکار نظر آتے ہیں۔یہ بُہت غلط کیا جا رہا ہے اور کل کلاں کو پاکستان کے طالبِ علموں کو یونیورسٹیز میں داخلے نہ مِلے تو اِس کا کوں ذمے دار ہو گا۔ وہ لوگ اِن ایک دو کی وجہ سے شائد یہ سمجھیں کہ سب ہی چور اور فراڈیئے ہیں۔ کالم لِکھنے والے اور رِپورٹ کرنے والے کو تحقیق کر لینی چائیے۔ اگر فرض کریں کِسی نے کوئی تیر مار ہی لیا ہے تو یہ دیکھنا ہو گا کہ اُس کا مُلک اور مِلت کو کیا فائدہ ہو رہا ہے۔ میرے خیال میں ڈنڈورا زیادہ پیٹا جا رہا ہے۔ اور یہ لوگ شُہرت اور دولت کما رہے ہیں۔ اور میڈیا ریٹنگ کے چکروں میں پڑا ہوا ہے۔اور مُلک کا مذاق بن رہا ہے۔
پیارے بھائی ۔۔ مضمون آپ نے بہت محنت سے لکھا ہے۔ بہت مدلل ہے۔ مجھے بھی یہ شخص اپنی طرح کا دونمبریا ہی لگتا ہے۔
ہاں ایک بات کی سمجھ نہیں آئی کہ آپ نے مرحومہ ارفع کریم کو کمپیوٹر جینیئس کس بنیاد قرار دے دیا؟ اللہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور اس کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جہاں تک میرے ناقص علم میں ہے، مرحومہ نے کوئی نئی اختراع نہیں کی تھی۔ ہاں ایک سرٹیفیکٹ کورس بڑی چھوٹی عمر میں پاس کرنے کا ریکارڈ قائم ضرور کیا تھا۔ اس کے علاوہ انھوں نے اپنی جیننیس کے ذریعے کیا نئی چیز بنائی تھی، یہ نا معلوم ہے۔ آپ ہی اس پر کچھ روشنی ڈالیں۔ کہیں آپ خود بھی حکومت اور میڈیا کی طرح اسی بھیڑ چال کا شکار تو نہین ہو گئے۔
آپکی بات درست ہے کہ ارفع نے کوئی نئی ایجاد نہیں کی تھی، لیکن اسکی ذہانت کے معترف تو مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس بھی ہیں، اگر زندگی اسے موقع دیتی تو یقیناً وہ آئی ٹی کے شعبہ میں کوئی نئی ایجاد بھی ضرور کرتیں۔ باقی کیا انکے لیے اتنا جینئس ہونا کافی نہیں کہ انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام ایک مثبت انداز میں پہنچایا۔ وہ ممالک جو یہ سمجھتے تھے کہ پاکستانی صرف خودکش بمبار ہی ہوتے ہیں انہیں یہ بتایا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور حصول علم ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔
محمد زھیر چوھان بھائی بہت خوب،شاندار+جاندار تحریر بہت اچھی ہی لگی۔۔۔۔۔۔
کچھ تحریر کرنےسے تو رہے،لیکن اگر آپ کی "حونصلہ انفزائی"بھی نہ کریں برا لگنے کے ساتھ ساتھ دہری زیادتی بھی ہوگی۔
آپ نے تو پول ہی کھول دیا جینیئس فراڈیے کا
ویسے اک بات مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی یہ اینکرز ویسے تو "تیس مار خان"+ بلا بلا بلا"
بنے پھرتے ہیں۔۔
اور اگر کوئی ایسا "ڈراما" ہو تو جیسے یہ بےوقوف بننے کےلئے تیار بیٹھے ہوتے ہیں یا پھر "کچھ نیا"کے چکر میں عزت گنوا بیٹھتے ہیں؟؟؟؟
آخر میں ایک اور بات کہ
اس کے پیچھے کونسی پولیٹکل پرسنالٹیز ہیں برادر؟؟؟؟