میکس پین موبائل آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کےلیے جلد دستیاب

جیسا کہ ہم نے آپکو پہلے بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ راکسٹار گیمز کی جانب سے مشہور زمانہ ویڈیو گیم میکس پین کو جلد ہی سمارٹ فونز پر پیش کیا جارہاہے۔  اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق میکس پین موبائل ایپل آئی او ایس کے لیے 12 اپریل اور اینڈرائیڈ پر 26 اپریل 2012کو دستیاب ہوگی۔

گیم ڈیویلپرز کی جانب سے 2001 کی بلاک بسٹر گیم کو اب ایچ ڈی گرافکس اور دیگر نئی سہولیات کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے۔ کمپنی نمائیندہ کے مطابق اگر آپ میکس پین کے مداح ہیں تو یقیناً آپ کو اسے موبائل پر کھیلنے میں بھی اتنا ہی لطف آئے گا۔

میکس پین موبائل آئی فون 3GS اور تمام نئے ماڈلز اور تمام آئی پیڈز پر دستیاب ہوگی لیکن اینڈرائیڈ کے بارے میں ابھی کمپنی کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا کہ یہ کن کن ماڈلز پر دستیاب ہوگی۔

راکسٹار گیمز کی ایوارڈ یافتہ  گیم میکس پین  کی کہانی ایک ایسے  پولیس آفیسرکے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیوی اور نومولود بیٹی کے قاتلوں سے بدلہ لینے کہ لئے کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے کو تیار ہے۔ اس گیم کی سب سے خاص بات ’بلٹ ٹائم‘ یا سلو موشن فیچر ہے۔راکسٹار کے مطابق اس گیم کی کم و بیش 7 ملین کاپیاں فروخت کی گئیں جو کہ غیر قانونی ڈاونلوڈز اور سی ڈیز کے علاوہ ہیں۔اس مشہور گیم پر ہالی ووڈ ایک فلم بھی بنا چکا ہے، گو کہ فلم ، گیم جیسی مقبولیت تو حاصل نہ کر سکی لیکن مداحوں کی اکثریت نے اسے خوب پسند کیا۔

منبع