اوپرا کی بادشاہت ختم : اینڈرائیڈ کی یلغار

موبائل براؤزرز کی بات ہو تو ذہن فوراً اوپرا کی جانب جاتا ہے۔ اوپرا نہ صرف جدید سمارٹ فونز بلکہ پرانے فیچر فونز کے لیے بھی اوپرا منی کے نام سے ایک بہترین براوزر فراہم کرتا ہے۔ کافی سالوں تک اوپرا موبائل براؤزرز کی دنیا کا بے تاج بادشاہ رہا ، مگر افسوس کہ اب اینڈرائیڈ نے اسکی سلطنت چھین لی ہے۔

اعدادو شمار کی ویب سائیٹ StatCounter کی جانب سے حال ہی جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کا سٹاک براؤزرز دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا موبائل براؤزر ہے۔ اسکی وجہ شاید دنیا بھر اینڈرائیڈ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔ گو کہ اینڈرائیڈ کے لیے اوپرا سمیت دیگر بہترین براؤزرز بھی دستیاب ہیں لیکن اکثر صارفین اینڈرائیڈ کے سٹاک براؤزر کو ہی پسند کرتے ہیں۔ خیر اینڈرائیڈ کی یہ فتح شاید عارضی ہی ثابت ہو کیونکہ اوپرا کی جانب سے حال ہی میں اوپرا منی نیکسٹ متعارف کروایا گیا  ہے۔ اسی طرح  StatCounter نے ایپل آئی فون اور آئی پوڈ کو علیحدہ سسٹم قرار دیا ہے ورنہ شاید ایپل اس رینکنگ میں سرفہرست ہوتا۔

آئی فون کا سفاری ویب براؤزر تیسرے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ نئے آنے والے براؤزرز میں چین کا یو سی براؤزر اور ڈولفن تیزی سے مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ جبکہ مائیکروسافٹ ونڈوز فون کا انٹرنیٹ ایکسپلورر ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔

خیر براؤزرز کی یہ جنگ تو چلتی ہی رہے گی اب دیکھنا یہ ہے کہ اینڈرائیڈ اپنی پوزیشن کب تک برقرار رکھتا ہے، کیونکہ حال ہی میں گوگل کی جانب سے مشہور ویب براؤزر کروم کو بھی اینڈرائیڈ کے لیے متعارف کروا دیا گیا ہے اور ہو سکتا ہے کہ آئیندہ آنے والے چند ماہ میں ڈیلویلپرز اسے اینڈرائیڈ کے پرانے ورژنز کے لیے بھی کارآمد بنا دیں۔ پھر تو شاید صارفین سٹاک براؤزر کی بجائے کروم کا ہی انتخاب کریں۔

منبع