آئی ٹی نامہ کی پہلی سالگرہ : تمام دوستوں کو مبارک باد

لیجئے آج آئی ٹی نامہ کا ایک سال بھی مکمل ہوگیا۔ اس پرمسرت موقع پر میں تمام قارئین اور ان دوست احباب کا شکر گذار ہوں جنہوں نے آئی ٹی نامہ کو آج اس مقام پر پہنچایا اور ہر مشکل مرحلہ پر ہماری مدد کی۔ جب میں نے آئی ٹی نامہ کا آغاز کیا تھا تو اس بات کی امید ہرگز نہ تھی کہ یہ قارئین کی اتنی بڑی تعداد کو اپنی جانب کھینچ لائے گا۔ یوں تو میں نے بلاگز پر لکھنے کا آغاز 2008 میں کیا۔ لیکن وہ تمام انگریزی زبان میں تھے۔ قریباً دو سال قبل ایک دو اردو بلاگز پڑھنے کا موقع ملا۔ جس کے بعد میرے دل میں بھی خواہش پیدا ہوئی کہ اردو زبان میں لکھا جائے۔

اردو لکھنے کے لیے کافی سال قبل ان پیج کا استعمال کیا کرتا تھا لیکن یونیکوڈ اردو کا ایک اپنا مزہ ہے۔ پہلے پہل تو میں اس مقصد کے لیے Google Transliteration کا سہارا لیتا رہا۔ لیکن وہ تو نرا عذاب ہی تھا۔ خیر پھر خود سے اردو لکھنے کے کوشش شروع کر دی۔ پہلے پہل تو کافی دقت محسوس ہوتی لیکن آہستہ آہستہ روانی ہونے لگی۔

چونکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق پہلے بھی بلاگنگ کا تجربہ تھا لہذا بہتر یہی لگا انہی موضوعات پر بلاگ بنایا جائے تاکہ اردو سمجھنے والے افراد تک نت نئی معلومات پہنچائی جاسکیں۔ نام کی بار ی آئی تو کرک نامہ سے متاثر ہوکر بلاگ کا نام آئی ٹی نامہ رکھ لیا اور افریقی ملک مصر میں ایک سستا سا سرور خرید لیا۔ لیکن ہائے ری قسمت کچھ عرصہ بعد ہی مصر میں ہنگامے شروع ہوگئے اور انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی گئی۔ جسکی وجہ سے بلاگ کا کچھ ڈیٹا بھی ضائع ہوگیا۔ گو کہ میں نے کچھ دن بعد سرور تبدیل کر لیا لیکن بعض مصروفیات کی بناء پر آئی ٹی نامہ سے توجہ ہٹ گئی۔

بہرحال کچھ ماہ بعد دوستوں کے اصرار پر دوبارہ کام شروع کیا ۔ اس دوران میرے ایک قریبی دوست شہباز سلیم بھی ٹیم کا حصہ بن گئے اور یوں آئی ٹی نامہ پر ہفتے میں اکا دکا نئی تحاریر دیکھنے کو مل جاتی تھیں۔

گذشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں دوسرے پاکستان بلاگ ایوارڈز کا چرچا ہوا تو ہم نے بھی اپنا بلاگ مقابلے کے لیے نامزد کروا دیا۔ اللہ عزوجل کی مہربانی اور آپ دوستوں کے بھر پور تعاون کی بدولت آئی ٹی نامہ نے ایک ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ جو کہ کافی تگ و دو کے بعد آج میرے پاس پہنچ ہی گیا۔

اکثر دوستوں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ آئی ٹی نامہ پر شائع ہونے والی تحاریر کی تعداد بہت کم ہوتی ہے اور اکثر اوقات کئی کئی دن کوئی تحریر دیکھنے میں نہیں آتی۔ اسے میری سستی کہیں یا سٹاف کی کمی۔ کیونکہ میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ بلاگ پر شائع ہونے والی تمام تحاریر دلچسپ اور معلوماتی ہوں۔

اگر آپ دوست اسی طرح آئی ٹی نامہ کی حوصلہ افزائی کرتے رہے تو یقیناً آنے والے دنوں میں آئی ٹی نامہ پر روزانہ نت نئی خبریں اور تجزیے دیکھنے کو ملیں گے۔ ہمیں خوشی ہوگی کہ اگر آپ ہماری کوتاہیوں کی نشاندہی کریں اور بلاگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز دیں۔ اگر اردو میں لکھنے لکھانے کا پس منظر رکھنے والے افراد بھی اس بلاگ کے لیے لکھیں تو یہ سونے پر سھاگے والی بات ہوگی۔  دلچسپی رکھنے والے افراد بلاگ پر موجود رابطے کا صفحہ استعمال کر سکتے ہیں۔ امید ہے  کے اپ لوگوں کو ہماری یہ کاوش پسند آئےگی، آپکی دعاؤں کے طلب گار.